پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری میدانی علاقوں میں بارشیں

اُڑان نیوز سروس
  • سرینگر// وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں گذشتہ تین دنوں سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کے ساتھ دوران شب سیاحتی مقامات سمیت کئی پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی۔اطلاعات کے مطابق سری نگر میں واقع زبرون،مہادیو اور ہرموکھ پہاڑیوں کو بھی تازہ برف کی مہین سی چادر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔وادی کے سیاحتی مقامات پہلگام گلمرگ، سونہ مرگ ، دودھ پتھری کے ساتھ ساتھ کئی پہاڑی علاقوں بشمول مڑھل، گریز وادی میں دوران شب تازہ برف باری ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گلمرگ میں 2.5 سینٹی میٹر تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 20.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 21.4 ملی میٹر، پہلگام میں 25.2 ملی میٹر، گلمرگ میں 10.8 ملی میٹر، کپوارہ میں17.4  ملی میٹر اور کو کرناگ میں 26.2  ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں رک رک کر ہلکی برف باری یا بارشوں   کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں یکم اپریل سے 10 اپریل تک موسم میں وسیع پیمانے پر کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم  اس دوران 3، 6 اور 7 اپریل کو کہیں کہیں ہلکے برف و باراں کا امکان ہے۔محکمے نے کسانوں سے اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز بحال کرنے کو کہا ہے۔دریں اثنا خراب موسم کے باعث وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہوئی ہے۔گرمائی دار الحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت6.8  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت0.5  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت1.3  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت5.4  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت5.8  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.2  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔