سرینگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک بند

سرینگر//وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر جمعہ کے روز خراب موسم کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل ایک بار پھر بند کر دی گئی۔بتادیں کہ بی آر او نے اس روڈ کو بدھ کے روز ایک ماہ بعد ٹریفک کی یک طرفہ نقل و حمل کے لئے کھول دیا تھا۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال اور پھسلن کی وجہ سے سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے۔ادھر وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے۔ٹریفک حکام نے ڈرائیور حضرات سے لین ڈسپلن پر عمل کرنے اور اوور ٹیکنگ کرنے سے پرہیز کرنے کی اپیل کی ہے۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ مسلسل بند ہے تاہم روڈ سے برف ہٹانے کا کام زوروں سے جاری ہے۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس روڈ کو قابل آمد و رفت بنانے میں کم سے کم ایک مہینہ لگ سکتا ہے۔