بی جے پی نے ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا کی ہوئی ہے کانگریس پارٹی کامنجمد اکاؤنٹ بحال کیاجائے: وقار رسول

اُڑان نیوز
جموں//جموں وکشمیر پردیش کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے جمعے کے روز کہا کہ بی جے پی کی ایماء پر کانگریس کے بینک اکاونٹ منجمد کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا جمہوریت کو کچل رہی ہے۔ان باتوں کا اظہار وقار رسول وانی نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں جو اس وقت صورتحال ہے وہ کھبی نہیں دیکھی گئی، اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف بھاجپا نے مہم شروع کی ہوئی ہے۔کانگریس صدر نے کہاکہ کانگریس پارٹی کے اکاونٹس منجمد کر دئے گئے ہیں ، لوک سبھا انتخابات کے باوجود بھی اکاونٹس کو بحال نہیں کیا جارہا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پارٹی نے یہ رقم عام لوگوں سے اکھٹی کی تھی۔وقار رسول وانی کے مطابق کانگریس کے امیدوار انتخابی مہم شروع کرنے سے قاصر ہے کیونکہ اشتہارات کے لئے بھی ہمارے پاس نہیں۔انہوں نے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ اس کا نوٹس لیں تاکہ پارٹی اس رقم کو انتخابی مہم میں استعمال کر سکے۔کانگریس صدر نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے پورے ملک میں تاناشاہی کا راج قائم کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت کے دعویدار ہی جمہوریت کو کچلنے کا کام کر رہے ہیں۔