کشمیر بدل گیا ہے بندوقوں اور پتھروں کی جگہ اب کیمپوٹر اور آئی پیڈ نے لی ہے: مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ

سری نگر//وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جمعرات کے روز کہاکہ بخشی اسٹیڈیم سری نگر میں عوام الناس کا سیلاب اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ کشمیری عوام مودی جی سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر بدل گیا ہے ، بندوقوں اور پتھروں کی جگہ اب کیمپوٹر اور آئی پیڈ نے لی ہے۔ان باتوں کا اظہار مرکزی وزیر نے سری نگر میں عوامی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی ہم سب کے محبوب رہنما اور دنیا کے مقبول ترین وزیر اعظم ہیں جن کی آواز دنیا کے ہر ملک میں سنجیدگی کے ساتھ سنی جاتی ہے۔مرکزی وزیر نے کہا :’بخشی اسٹیڈیم سری نگر میں عوامی سیلاب اس بات کا عکاس ہے کہ کشمیر کے لوگ نریندر مودی کو بے حد پسند کرتے ہیں۔‘انہوں نے مزید بتایا کہ سری نگر میں لوگوں کا ہجوم مودی کا پریوار ہے اور یہ پریوار جمعرات کی صبح سے ہی مودی جی کی آمد کا منتظر تھا۔ان کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں وکشمیر کے عوام کو بدحالی کے دلدل سے نجات دلا کر ان کا مقدر بدل دیا۔مرکزی وزیر کے مطابق جموں وکشمیر اب بدل گیا ہے جن ہاتھوں میں کل تک بندوق تھی آج ان میں آئی پیڈ اور کیمپوٹر ہیں۔وہ انگلیاں جو کل تک خون سے رنگی ہوئی تھی آج پشمینہ کے دھاگے سے اپنے ہنر دکھا رہی ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ کشمیر میں اداسی کے بادل چھٹ چکے ہیں اور آج دریائے جہلم سے امید کا ساگر چھلک رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کا ہر شہری وزیر اعظم کی انگلی پکڑ کر وکست بھار ت اور وکست جموں وکشمیر کے کارواں میں شامل ہو گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم مودی کی سربراہی میں جموں وکشمیر اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔مرکزی وزیر نے کہاکہ مودی جی کی ریلی میں شرکت کے لئے لوگوں میں کافی جوش اور جذبہ پایا گیا۔