علاحد گی پسندی اور دہشت گردی سے دو چار رہنے کے بعد کشمیر اب امن کا گہوارہ ہے:منوج سنہا

سری نگر//جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشمیر میں پائیدار امن قائم پونے کا سہرا وزیر اعظم نریندر مودی کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ دہائیوں تک علاحدگی پسندی اور دہشت گردی سے دوچار رہنے کے بعد کشمیرآج امن اور خوشحالی کا گہوارہ بن گیا ہے اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں چھائی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا: ‘وہ زمانہ بیت گیا جب کشمیر دہشت گردی اور خون خرابے کے لئے مشہور تھا یہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی ذاتی کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ کشمیر دوبارہ امن و خوشحالی کا گہوارہ بن گیا’۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں بخشی اسٹیڈیم میں ایک بھاری عوامی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘کشمیر ایک زمانے میں علاحد گی پسندی، دہشت گردی اور خون خرابے سے دو چار تھا لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کی ذاتی کاوشوں کے نتیجے میں امن و خوشحالی کا گہوارہ بن گیا جو دنیا میں صوفیوں اور سنتوں کی سرزمین ہونے کے لئے مشہور ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر نے گذشتہ 5 برسوں کے دوران غیر معمولی تبدیلی دیکھی۔انہوں نے کہا: ‘آج یہاں سڑکوں پر کسی بے گناہ کا خون نہیں بہتا ہے، پیلٹس سے کوئی آنکھوں سے محروم نہیں ہو رہا ہے اور احتجاجوں کا سلسلہ ہمیشہ کے لئے ختم ہو گیا ہے’۔مسٹر سنہا نے کہا کہ آج لالچوک میں گھنٹہ گھر پر جو ترنگا شان سے لہرا رہا ہے وہ تبدیلی کا اعلان کر رہا ہے اس سے ہر ایک کو پرانے کشمیر کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہا: ‘خون خرابہ اب ایک تاریخ بن گیا ہے اور امن ہر سو چھایا ہوا ہے جس سے ہر شہری کے چہرے پر مسکراہٹ چھائی ہوئی ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کی کافی عزت کرتے ہیں اور ان کو بے حد محبت کرتے ہیں۔موصوف ایل جی نے کہا: ‘کشمیریوں کا مودی جی کے لئے محبت و عزت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ بخشی اسٹیڈیم جہاں 35 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے لوگوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے لوگ کھڑے ہیں کیونکہ ان کے بیٹھنے کے لئے جگہ دستیاب نہیں ہے’۔انہوں نے کہا: ‘یہ لوگوں کا وزیر اعظم مودی جی کے لئے محبت ہے اگر دو لاکھ لوگوں ے بیٹھنے کی گنجائش کا میدان ہوتا تو وہ بھی کھچا کھچ بھرا ہوا ہوتا’۔انہوں نے کہا کہ انڈور اسٹیڈیم بھی لوگوں سے بھرا ہوا ہے اور ایس کے آئی سی سی کا ہال بھی بھرا ہوا ہے اور دس ہزار لوگ سکرینوں پر مودی جی کا خطاب سننے کے منتظر ہیں’۔مسٹر سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم ‘من کی بات’ پروگرام کی وساطت سے کشمیری کے لوگوں کے ساتھ ہمیشہ رابطے میں رہتے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘وزیر اعظم نے اپنے خطابات میں کشمیر کے مشہور ندرو، پشمینہ، زعفران اور دیگر چیزوں کی تعریفیں کی ہیں’۔کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے خصوصی توجہ دینے پر وزیر اعظم کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘آج سری نگر کے مارکیٹ یورپ کے بازاروں سے ملتے جلتے ہیں اور یہ سب وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی کا نتیجہ ہیں’۔انہوں نے کہا کہ نئے مارکیٹوں سے یہاں نوجوانوں کا روز گار بڑھ گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سال 2022 تک یہاں نائٹ لائف اور ملٹی پلیکس سنیما گھروں کا کوئی تصور ہی نہیں تھا لیکن آج یہاں نوجوان جہلم ریور فرنٹ اور سنیما گھروں میں تفریح کے لئے وقت گذارتے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘یہ تبدیلی وزیر اعظم کے ذاتی سپورٹ کے بغیر ممکن نہیں تھی’۔انہوں نے سال 2025 تک مکمل ہونے والے کئی ترقیاتی منصوبوں کا بھی تذکرہ کیا۔اس موقع پر مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے کہا کہ بخشی اسٹیڈیم میں لوگوں کا سیلاب ان کے مودی جی کے تئیں محبت کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا: ‘یہ بھاری ہجوم وزیر اعظم کو سننے کے لئے بے تاب ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘جموں وکشمیر بدل گیا ہے بندوقوں اور پتھروں کی جگہ اب لیپ ٹاپوں نے لے لی ہے’۔