ائیر انڈیا نے دو کشمیری نوجوانوں کو بطور پائلٹ مقرر کیا

سری نگر// جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال اور وسطی کشمیر کے قصبہ بیروہ میں خوشی و شادمانی کا ماحول ہے کیونکہ ائیر انڈیا نے ان علاقوں سے تعلق رکھنے والے راجہ شاہ زیب رضا اور برہان علی نامی دو نوجوانوں کے نام پائلٹ کی تقرری کے آرڈر جاری کئے ہیں۔ترال سے تعلق رکھنے والا راجہ شاہ زیب ایک سبکدوش ایگزیکٹیو انجینئر کا فرزند ہے اور ان کی والدہ بھی ایک سبکدوش ٹیچر ہے جبکہ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے قصبہ بیروہ کے کلہامہ زبہ گل سے تعلق رکھنے والے برہان علی کے والد ایک سبکدوش ڈی ایس پی ہیں اور ان کے بڑے بھائی بھی ایک پولیس افسرہیں۔راجہ شاہ زیب نامی یہ نوجوان قصبہ ترال کا پہلا نوجوان ہے جس کو پائلٹ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور ائیر انڈیا نے تمام لوازمات کی ادائیگی کے بعد ان کی پائلٹ کے طور پر تقرری عمل میں لائی ہے۔انہوں نے دہلی سے یو این آئی کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کے دوران کہا: ‘تیسری جماعت سے ہی مجھے پائلٹ بننے کا شوق تھا گرچہ گھر والے مجھے سول سروس میں دیکھنا چاہتے تھے تاہم میں نے اپنے شوق کو پورا کرنے کے لئے جد وجہد جاری رکھی’۔ان کا کہنا تھا: ‘یہ ایک الگ فیلڈ تھا اس لئے گھر والوں کو اس کے متعلق سمجھانے اور اس کی طرف راغب کرنے میں کسی قدر دقتوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم ہر مرحلے پر ان کا بھر پور تعاون رہا جس سے میں اپنی منزل کو حاصل کر سکا’۔شاہ زیب اپنے والد کے ساتھ عرصہ درا ز سے سری نگر میں سکونت پذیر ہیں۔انہوں نے کہا: ‘میرے والد شادی سے قبل ہی ترال سے سری نگر منتقل ہوئے تھے اور ہم کاٹھی دروازہ رعناواری میں سکونت پذیر ہیں جس کی وجہ سے میری ابتدائی تعلیم سری نگر کے ہی مختلف اسکولوں میں ہوئی اور بعد کشمیر یونیورسٹی سے میں نے بی ٹیک میکانیکل کی ڈگری حاصل کی’۔ان کا کہنا تھا: ‘میں نے اندرا گاندھی راشٹریہ اڑان اکیڈمی رائے بریلی یو پی سے تین سالہ کورس مکمل کر لیا’۔شاہ زیب کا ماننا ہے کہ کشمیر کے نوجوان نہ صرف محنتی ہیں بلکہ نہایت ہونہار بھی ہیں اور کسی بھی شعبے میں اپنا ایک منفرد مقام حاصل کرسکتے ہیں بلکہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘کشمیر کے نوجوان محنتی اور ہونہار ہیں وہ کسی بھی میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتے ہیں اور عزت و وقار کی روزی روٹی کما سکتے ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘اپنے ہی وطن میں روز گار ملنا اچھی بات ہے لیکن جموں وکشمیر سے باہر روز گار کمانے کے بسیار مواقع ہیں اور ہمارے نوجوانوں کو ان مواقع کا بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے’۔راجہ شاہ زیب کی طرح برہان علی بھی اپنے قصبے کا پہلا پائلٹ ہے جس پر پورے علاقے میں خوشی کا ماحول ہے۔برہان علی نے بھی اپنی ابتدائی تعلیم سری نگر کے ہی ممتاز اسکولوں سے حاصل کی ہے۔انہوں نے نیو ایرا پبلک اسکول راج باغ سری نگر سے دسویں تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد ٹنڈل بسکو اسکول سری نگر سے بارہویں جماعت کا امتحان پاس کیا۔بعد ازاں برہان نے ہوا بازی کا داخلہ ٹیسٹ پاس کرکے اندرا گاندھی راشٹریہ اڑان اکیڈیمی رائے بریلی میں کورس کیا۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سیول ایویشن (ڈی جی سی اے) کی طرف سے انہیں کمرشل پائلٹ کی لائسنس حاصل ہوئی ہے۔