سری نگر سمیت میدانی علاقوں میں بارشیں، سیاحتی مقامات پر تازہ برف باری، مزید برف و باراں کی پیش گوئی

سری نگر// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں اورسیاحتی مقامات پر تازہ برف باری ہوئی جس سے نہ صرف سیاح بلکہ لوگ خوش نظر آ رہے ہیں۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 1.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 1.2 ملی میٹر، کپوارہ میں 8.0 ملی میٹر، پہلگام میں 2.6 سینٹی میٹر اور گلمرگ میں 25 سینٹی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام ،دودھ پتھر یوغیرہ میں تازہ برف باری ہوئی ہے جس سے ان مقامات پر موجود سیاح لطف اٹھا رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے 36 گھنٹوں کے دوران برف و باراں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں یکم فروری تک ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے اور اس دوران کپوارہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، گاندربل، کولگام، شوپیاں اور اننت ناگ کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران جنوبی کشمیر کے کچھ علاقوں اور سری نگر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں دو سے چار انچ تک برف باری ہوسکتی ہے۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں وادی میں 2 فروری کو موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 3 اور 4 فروری کو بالائی علاقوں میں کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد میں 10 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔دریں اثنا مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔گرمائی دار لحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی میں بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوا ہے گرچہ اس چلہ کے دوران بھی بھاری برف باری ہوسکتی ہے تاہم درجہ حرارت میں بتدریج بہتری ریکارڈ کی جائے گی۔