یوم جمہوریہ کے پیش نظر جموں وکشمیر میں سیکورٹی بندوبست مزید چوکس،سری نگر جموں قومی شاہراہ سیل

سری نگر// یوم جمہوریہ کے پیش نظر جموں وکشمیر میں سیکورٹی بندوبست کو مزید چوکس و سخت کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر میں جہاں سیکورٹی فورسز کی گشتی کو بڑھا دیا گیا ہے وہیں گاڑیوں اور راہگیروں کی چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔بتادیں کہ امسال جموں و کشمیر میں یوم جمہوریہ کی سب سے بڑی تقریب جموں میں منعقد ہوگی جہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا قومی پرچم لہرائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ یونین ٹریٹری کے باقی حصوں کی طرح ضلع اودھم پور میں بھی سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز جہاں گاڑیوں اور راہگیروں کی چیکنگ کر رہے ہیں وہیں گشت کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر خاص طور پر نگرانی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ڈوڈہ – کشتواڑ ہ رام بن رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل نے گذشتہ روز اپنے دورہ کشتواڑ کے دوران سیکورٹی بندوبست کا وسیع پیمانے پر جائزہ لیا۔معلوم ہوا ہے کہ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جو مشکوک نظر آنے والے افراد کو روک کر ان کی جامہ تلاشی لے رہے ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سری نگر سے جموں کی طرف جانے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی کے بعد ہی انہیں آگے جانے کی اجازت دی جارہی ہیں۔ان کے مطابق ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر جموں وکشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں پٹھان کورٹ شاہراہ پر بھی عارضی چیک پوائنٹس قائم کئے گئے جہاں پر گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہیں۔دریں اثنا جموں کے دیگر حصوں اور سری نگر میں بھی یوم جمہوریہ کے پیش نظر سیکورٹی بندوبست کو مزید بڑھایا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ امسال بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پر امن انعقاد کو یقینی بنایا جا ئے گا۔