کشمیرمیںچوبیس گھنٹوں کے دوران 28 آگ کی وارداتیں رونما، 8 مکان، ہوٹل عمارت،شاپنگ کمپلیکس، گودام،چار دکانیں خاکستر

سری نگر//وادی کشمیر میں خشک سالی کے باعث آگ کی بھیانک وارداتیں رونما ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران 28آگ کی وارداتوں میں 8مکان، ہوٹل عمارت، شاپنگ کمپلیکس ، گودام ، چار دکانیں اور چار گاوخانے خاکسترہوئے ہیں۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ وادی کشمیر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 28آگ کی وارداتوں میں آٹھ رہائشی مکان، ہوٹل عمارت، شاپنگ کمپلیکس ، گودام ، چار دکانیں اور چار گاوخانے خاکستر ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سرائے بل سری نگر میں درمیانی شب آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار جائے موقع پرپہنچے۔ان کے مطابق انتھک کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔اندرا نگر سری نگر میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ہوٹل گلفام سے آگ نمودار ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔حکام کے مطابق جنوبی ضلع اننت ناگ کے آرونی موڑ کے نزدیک آگ کی ہولناک واردات میں بیکر ی دکان اور گودام پوری طرح سے خاکستر ہوا ہے۔بٹہ پورہ کھنہ بل اننت ناگ میں اس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی اور مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا۔ ہر ناگ کھنہ بل اننت ناگ میں بھی آگ کی ایک واردات میں شاپنگ کمپلیکس کو نقصان پہنچا جبکہ منی گام گاندربل میں گاو خانہ اور قاضی پورہ چاڈورہ بڈگام میں ایک رہائشی مکان اور گاو خانہ نذر آتش ہوئے۔سری نگر کے لسجن علاقے میں شبانہ آگ کی واردات میں رہائشی شیڈ مکمل طورپر خاکستر ہوا ہے جبکہ اونتی پورہ کے پنز گام میں ایک الیکٹرانک شاپ بھی آگ کی واردات میں خاکستر ہوا ہے۔دریں اثنا وسطی کشمیر کے پکھر پورہ گاوں میں اتوار کی صبح آگ کی ایک واردات میں دو رہائشی مکان اور گاوخانہ خاکستر ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح چرار شریف سے دس کلومیٹر کی دوری پر واقع گاوں پکھر پورہ میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل دو ڈھانچوں کو لپیٹ میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابوپایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دو رہائشی مکان اور ایک گاو خانہ خاکستر ہوا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ چار فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیاء￿ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی ہے۔بتادیں کہ دو روز قبل ہی پکھر پورہ گاوں میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے تھے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں وکشمیر میں سال 2023 کے ماہ جنوی سے ماہ نومبر تک آتشزدگی کے زائد از 22 سو واقعات پیش آئے جس دوران 1462 ڈھانچوں کا نقصان پہنچا جبکہ 9 جانیں بھی تلف ہوئیں اور اس دوران 36 جنگلوں میں بھی آگ لگ گئی۔