ہٹ اینڈ رن کے نئے قانون کے خلاف جموں وکشمیر میں ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال،پیٹرول پمپ خالی،لڑائی جھگڑے پر نوبت، سڑکوں پر ٹرانسپورٹ غائب

سری نگر//ٹرک ڈرائیوروں نے جموں وکشمیر میں بھی منگل کے روز ‘ہٹ اینڈ رن’ کے نئے قوانین کے خلاف ہڑتال کی اور نعرہ بازی بھی کی۔ہڑتال پر بیٹھے ڈرائیوروں نے جم کر نعرہ بازی کی اور اس قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر ایک ڈرائیور نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں گاڑیاں بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات پیش آئیں گے لیکن یہ ہماری مجبوری ہے۔انہوں نے کہا: ‘بہت بڑا قانون پاس کیا گیا ہے میں سمجھ میں ہی نہیں آتا ہے کہ اتنا بڑا قانون کس طرح پاس کیا گیا’۔ان کا کہنا تھا: ‘جب سبھی گاڑیاں بند ہوں گی اور سارا ٹرانسپورٹ ٹھپ ہوگا تو دیش کیسے چلے گا’۔موصوف نے کہا کہ حکومت کو یہ قانون واپس لینا پڑے گا۔ ایک اور احتجاجی نے کہا: ‘جو حکومت نے یہ قانون بنایا ہے کہ اگر ڈرائیور سے سڑک حادثہ ہوگا تو اس کو دس لاکھ روپیے جرمانہ اور دس سال قید کی سزا سنائی جائے گی اگر ہمارے پاس اتنے پیسے ہوتے تو ہم اپنا کاروبار شروع کرتے’۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ اس قانون کو واپس لیا جائے۔ دریں اثنا سیمپور پانپور میں بھی ڈرائیوروں نے نئے قانون کے خلاف احتجاج کیا۔ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ گر چہ ہم قانون کے خلاف نہیں تاہم سرکار نے ڈرائیوروں کا کوئی خیال نہیں رکھا۔انہوں نے کہاکہ اس قانون کو پاس کرنے کے بعد ہم ڈرائیورنگ پیشے کو چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ان کے مطابق جب تک سرکار کی جانب سے کوئی نیا فیصلہ نہیں لیا جاتا تب تک احتجاج جاری رہے گا۔دریں اثنا وادی کشمیر میںمنگل کی صبح سے پیٹرول پمپوں پر لوگوں کی بھیڑ امڑ آئی، عالم یہ تھا کہ پیٹرول کے حصول کی خاطر پمپوں میں دن بھر لڑائی جھگڑے پر نوبت پہنچ گئی۔ نامہ نگار نے بتایا کہ وادی کشمیر کے اکثر پیٹرول پمپ خالی پڑے ہوئے ہیں اور دن بھرلوگ قطاروں میں بیٹھ کراپنی بھاری کا انتظار کر رہے تھے تاہم شام کے وقت انہیں خالی ہاتھ واپس گھر لوٹنا پڑا۔ صارفین نے اس موقع پر کہاکہ وادی کشمیر کے اکثر پیٹرول پمپ خالی پڑے ہوئے ہیں جس وجہ سے لوگوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی کے باوجود بھی پیٹرول پمپوں پر ایندھن دستیاب نہیں جس وجہ سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی انتظامیہ کو پیٹرول پمپوں کا معائنہ کرکے وہاں پر ایسے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لانی چاہئے جو پیٹرول کی ذخیرہ اندوزی کر رہے ہیں۔