لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے نگروٹہ کے وائٹ نائٹ کور کی کمان سنبھالی

جموں// لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے پیر کے روز نگروٹہ کے وائٹ نائٹ کور جس کو 16 کور سے بھی یاد کیا جاتا ہے، کے جنرل افیسر کمانڈنگ (جی او سی) کے بطور کمان سنبھالی۔انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل سندیپ جین کی جگہ پر یہ عہدہ سنبھالا۔ لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا پہلے دلی میں آرمی ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھے۔اے ڈی جی پی آئی – انڈین آرمی نے پیر کے روز سماجی رابطہ گاہ ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے لیفٹیننٹ جنرل سندیپ جین سے وائٹ نائٹ کور کی کمان سنبھالی’۔پوسٹ میں کہا گیا کہ کور کمانڈر نے وائٹ نائٹ کور کے تمام رینکس پر اعلیٰ ترین درجے کی آپریشنل تیاریوں کو بر قرار رکھنے اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے انتھک محنت کرنے کی تاکید کی۔لیفٹیننٹ جنرل سچدیوا کی پیر پنچال خطے میں تقرری اس وقت کی گئی ہے جب خطے میں سخت سیکورٹی خدشات پائے جا رہے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس خطے میں سال 2023 کے دوران کئی دہشت گردانہ حملے ہوئے جن میں 19 سیکورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 7 عام شہری بھی از جان ہوئے۔