بارہمولہ میں سال 2023 کے دوران 264 کیسوں میں 464 منشیات فروش گرفتار:پولیس

سری نگر// بارہمولہ پولیس نے منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے سال 2023 کے اختتام تک این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 264 مقدمے درج کرکے464 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران 75 سخت گیر منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال 2023 کے اختتام تک این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 264 کیس درج کئے جس کے نتیجے میں 464 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 75 سخت گیر منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ پولیس نے ضلع میں کروڑوں مالیت کی ممنوعہ اشیا کو ضبط کیا ہے۔انہوں نے کہا: ‘سال 2023 کے دوران ضلع میں مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات فروشوں کی 3 کروڑ روپیے مالیت کی جائیدادیں جن میں 3 مکان، 3 گاڑیاں اور 1.2 کروڑ روپیے کی نقد رقم شامل ہے، ضبط کی گئیں’۔ان کا کہنا تھا کہ علاوہ ازیں بارہمولہ پولیس نے ایس ایس پی کی سربراہی میں مجسٹریٹ کی موجودگی میں لاسی پورہ پلوامہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے سیکشن 25 کے تحت 34 کروڑ روپیے مالیت کی ضبط شدہ ممنوعہ مواد اور منشیات کی بھاری مقدار کو تباہ کیا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ پولیس کی منشیات کی بدعت کے خلاف مہم پر لوگوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔