عوامی منتخبہ حکومت کا قیام ناگزیر: ڈاکٹر کمال

سری نگر//حکمران جموں وکشمیر کے زمینی اور اصل مسائل کی طرف توجہ دینے کے بجائے آئے روز عوامی کْش اقدامات میں مصروف ہیں،گذشتہ5سال سے جاری افسرشاہی میں جموںوکشمیر کے عوام پس رہے ہیں اور زمینی سطح پر حکومت کی طرف سے لوگوں کو کوئی بھی راحت نہیں پہنچ رہی ہے۔حکومت کے دعوے اور اعلانات صرف کاغذی گھوڑے ثابت ہورہے ہیں حکومت کی تعمیر و ترقی صرف ذرائع ابلاغ تک ہی محدود ہے۔ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے شیر کشمیر بھون جموں میں پارٹی لیڈران اور عہدیداران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ نئی دلی نے جموں وکشمیر میں اپنا اعتماد مکمل طور پر کھو دیا ہے اور نئی دلی دھونس و دبا? کے ذریعے قائم کی گئی خاموشی کو نارملسی جتلا رہی ہے۔5اگست2019کے فیصلوں سے جموں وکشمیر کے تینوں خطوں کے عوام کے دل مجروح ہوئے تھے اور سپریم کورٹ کے فیصلے نے زخموں پر نمک پاشی کا کام کیا، یہ زخم آج بھی ہرے ہیںاور مرکزی حکومت کے یہ فیصلے یہاں کے لوگوں نے آج بھی قبول نہیں کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام کو پشت بہ دیوار کرکے رکھ دیا گیا ہے اور نئی دلی جتنی جلدی اپنی غلطی سدھارے اتنا ہی ریاست اور ملک کی سالمیت کیلئے اچھا ہوگا۔ ڈاکٹر کمال نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر کی مجموعی تعمیر و ترقی اور لوگوں کی راحت رسانی عوامی منتخبہ حکومت کے قیام میں ہی مضمر ہے اور یہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک عوامی نمائندہ سرکار ہی لوگوں کے مسائل و مشکلات حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے کیونکہ عوام کے ذریعے چْنے ہوئے نمائندے ہی زمینی سطح پر لوگوں کی ضروریات، احساسات اور اْمنگوں سے باخبر ہونے کے ساتھ ساتھ جغرافیائی اور تاریخی پس منظر سے واقف ہوتے ہیں۔ڈاکٹر کمال نے کہا کہ آج کی تاریخ میں وادی سے زیادہ جموں کی آبادی خود کو دھوکہ زدہ اور پشت بہ دیوار تصور کررہی ہے کیونکہ بھاجپا نے جموں کے عوام کے احساسات اور جذبات کا استحصال کیا۔ اْن کا کہنا تھا کہ جموں کی تجارت اور کاروباری سرما کے دوران جوبن پر ہوتا تھا اور ان مہینوں کے دوران یہاں کی معیشت کو زبردست اْچھال ملتا تھا لیکن بھاجپا کی سرکار نے جموں کے عوام کو اقتصادی بدحالی کے بھنور میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا ہر سطح پر ناکام ہوگئی ہے اور ہر خطے، طبقے، علاقے اور مذہب سے تعلق رکھنے والوں نے بھاجپا کے اقدامات کو مسترد کیا ہے اورآج بھی اس کیخلاف سرا پا احتجاج ہیں۔ڈاکٹر کمال نے کہاکہ بھاجپا کو عوام کے سامنے جواب دینا ہوگا اور عوام انہیں اپنی طاقت کے ذریعے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے مسترد کر کے رکھ دیں گے۔یو این آئی