ضلع صنعتی مراکز کو اَراضی منتقلی تمام مسائل ایک ہفتے کے اَندر حل کیاجائے:صوبائی کمشنر

سرینگر//صوبائی کمشنرکشمیروِجے کمار بدھوری نے کل یہاں کشمیر میں اِنڈسٹریل اسٹیٹس سے متعلق مسائل کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں انڈسٹریل اسٹیٹس، آئی ڈی سی کی اراضی ، اسٹیٹس اور اَراضی کے مسائل پر تفصیلی بحث و تمحیص کی گئی۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر،صنعت و حرفت اور سیڈ کو کے متعلقہ اَفسران کے علاوہ دیگر متعلقین نے ذاتی طو رپر شرکت کی جبکہ صوبہ کشمیر کے باقی اَضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں شرکت کی ۔میٹنگ کے دوران صوبائی کمشنر نے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ ڈسٹرکٹ اِنڈسٹریز سینٹرز (ڈی آئی سیز) کی جانب سے اپروچ روڈ کے لئے حاصل کی جانے والی اَراضی اور دیگر رُکاوٹوں سے متعلق ضلع وار مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر نے صوبائی کمشنر موصوف کو ہر کیس کی موجودہ صورتحال او رمنتقلی و حصول میں حائل رُکاوٹ مسائل سے آگا کیا۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ جہاں بھی درخواست جمع نہ کی گئی ہو وہاں اپروچ روڈز کے لئے انڈینٹ جمع کیا جائے اور اَراضی کے حصول کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے ۔اُنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ جہاں اپروچ سڑکوں کو چوڑا کرنے کی ضرورت ہے وہاں حد بندی کی جائے ۔ صوبائی کمشنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ زیر اِلتوأ اَراضی کے مسائل کو حل کرنے میں محکمہ صنعت کے ساتھ تعاون کریں۔ محکمہ صنعت کے اَفسروں سے بھی کہا گیا کہ وہ مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ریونیو افسران کے ساتھ رابطے میں رہیں تاکہ مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے کوآرڈی نیشن حاصل کی جاسکے۔اُنہوں نے ڈی آئی سیز کے ساتھ زیر اِلتوأ مسائل کو حل کرنے کے لئے جائزہ میٹنگ طلب کرنے کی بھی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے زمین کے حصول کے عمل سمیت تمام زیر اِلتوا ٔمسائل کو حل کرنے کے لئے سب کو ایک ہفتے کا وقت دیا۔یہاں یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ یہ میٹنگ چیف سیکرٹری جموں و کشمیر کی ہدایت پرطلب کی گئی تھی جنہوں نے ڈی آئی سیز کے لئے اَراضی کے حصول کے عمل کو حل کرنے پر زور دیا۔