ڈوڈہ پولیس نے منشیات فروشی کے کلیدی ملزم کو گرفتار کیا۔

محمد اصغر بٹ
ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ میں منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پولیس مسلسل منشیات فروشوں کو سخت قانون کے تحت جیل میں بند کر رہی ہے۔ڈوڈہ پولیس نے آپریشن پرہار کے تحت جموں سے بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کیا ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ آپریشن پرہار کے تحت ڈوڈہ پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش اور منشیات سپلائی کرنے والے اہم ذریعہ سید علی ولد قاسم دین سکنہ رگھوڑہ تحصیل و ضلع جموں کو جموں سے پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں درج ایک این ڈی پی ایس کیس میں ملوث ہونے کے بعد گرفتار کیا ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ برس 27 دسمبر کو پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 263/2022 این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت بدنام زمانہ منشیات فروشوں امتیاز احمد سکنہ انور آباد ڈوڈہ یاسر احمد تھوپا سکنہ صدیق آباد ڈوڈہ اور عرفان خان سکنہ استان محلہ ڈوڈہ کے خلاف درج کیا گیا تھا۔مذکورہ ملزمان کو پولیس نے کھلینی ناکے پر چیکنگ کے دوران ہیروئن سمیت گرفتار کیا تھا۔این ڈی پی ایس کیس میں آگے اور پیچھے کے روابط کا پتہ لگانے کے دوران، کال ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا اور اس کے نتیجے میں، یہ بدنام زمانہ منشیات فروش سید علی ولد قاسم دین اسمگلنگ کے پسماندہ لنک میں سامنے آیا۔ جو ڈوڈہ اور جموں خطے کے دیگر علاقوں کے نوجوانوں کو منشیات کی سپلائی کرنے میں مرکزی کردار نبھا رہا تھا۔مذکورہ ملزم سے این ڈی پی ایس کیسوں کے متعلق مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ آپریشن پرہار کے تحت ڈوڈہ پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروشوں اور منشیات کے اہم سپلائی کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے تاکہ منشیات کے ذریعے موت کا سودا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور منشیات کی لعنت کو ہمیشہ کے لیے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جاسکے۔