کشمیر: آسٹریلیا کی ورلڈ کپ جیت کا جشن منانے والے 7 کشمیری طلبا کے خلاف یو اے پی اے کے الزامات ختم

سری نگر: جموں و کشمیر حکومت نے ہفتے کے روز غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت سات کشمیری طلبا کے خلاف الزامات کو ختم کرنے کا حکم دیا۔ اس سے قبل ان کے خلاف اس سخت ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (ایس کے یو اے ایس ٹی) کے سات طلبا کے خلاف 19 نومبر کو آئی سی سی ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیا کی ہندوستان کے خلاف جیت کے بعد نعرے بازی اور جشن منانے کے بعد یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

طلبا کے والدین، سیاسی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے حکام سے نرم رویہ اختیار کرنے کی اپیل کی تھی تاکہ طلبا کے کیریئر کو بچایا جا سکے۔ والدین نے اپنے بچوں کی جانب سے ان کے فعل پر غیر مشروط معافی بھی مانگی۔ دریں اثنا، گاندربل ضلع کی ایک عدالت نے ہفتہ کو طالب علموں کو ضمانت دے دی جب حکام نے ان کے خلاف یو اے پی اے کے الزامات کو مسترد کر دیا۔