عالمی کپ 2023: جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان نے میچ کو بنایا یکطرفہ، 243 رنوں سے جیت

KOLKATA, INDIA - NOVEMBER 05: Virat Kohli of India celebrates their century with team mate Ravi Jadeja to equal Sachin Tendulkar's record for most ODI centuries for India during the ICC Men's Cricket World Cup India 2023 between India and South Africa at Eden Gardens on November 05, 2023 in Kolkata, India. (Photo by Alex Davidson-ICC/ICC via Getty Images)

نئی دہلی //عالمی کپ 2023 میں سبھی کو ہندوستان اور جنوبی افریقہ میچ کا انتظار تھا۔ یہ دونوں ہی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں سب سے مضبوط تصور کی جا رہی ہیں اور پوائنٹس ٹیبل میں دونوں کو بالترتیب پہلا اور دوسرا مقام حاصل ہے، اس لیے ایک دلچسپ مقابلے کی امید تھی۔ لیکن ہندوستان نے آج کولکاتا کے ایڈن گارڈنس میں کھیلے گئے اس میچ کو پوری طرح سے یکطرفہ بنا دیا۔ ہندوستان نے وراٹ کوہلی کی 49ویں سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کے سامنے جیت کے لیے 326 رنوں کا ہدف رکھا، اور پھر افریقی ٹیم 27.1 اوورس میں محض 83 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ٹاس ہندوستانی کپتان روہت شرما نے جیتا تھا، اور جیسا کہ امید کی جا رہی تھی، پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایک بار پھر ہندوستانی کپتان شروع سے ہی جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ انھوں نے جنوبی افریقہ کے تیز گیندبازوں پر کچھ اس انداز میں حملہ کیا کہ ہندوستانی ٹیم کا اسکور 5 اوورس میں ہی 60 رن کے پار کر گیا۔ پھر کگیسو رباڈا کی ایک گیند کو باؤنڈری پر پہنچانے کی کوشش میں کیچ تیندا بووما کو دے بیٹھے، جو کہ بہت آسان نہیں تھا لیکن جنوبی افریقی کپتان نے کوئی غلطی نہیں کی۔ روہت شرما نے محض 24 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 40 رن بنائے۔ جب وہ آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 5.5 اوورس میں 62 رن تھا۔