خطہ پیر پنجال کے معروف عالم دین مفتی عبداللہ شاہ کا انتقال

آبائی گاوں لسانہ میں سپرد ِ لحد، متعدد سیاسی ، سماجی ودینی شخصیات کا اظہار ِ تعزیت
الطاف حسین جنجوعہ
سرنکوٹ//خطہ پیر پنجال کی معتبر وبرگزیدہ شخصیت ،معروف عالم دین مولانا مفتی عبداللہ شاہ صاحب دارلفنا سے دارالبقا کی طرف کوچ کرگئے۔ اُن کی عمر تقریباً62سال تھی۔ اہل خانہ کے مطابق اچانک صحت ناساز ہونے پروہ ضلع اسپتال پونچھ بغر ض علاج ومعالجہ گئے جہاں ڈاکٹروں نے اُنہیں کچھ ضروری ادویات دے کر ڈسچارج کردیا۔چونکہ سینے میں کچھ تکلیف محسوس ہورہی تھی، دوست واحباب کے مشورے پر وہ طبی تشخیص کے لئے جموں آئے۔ آبائی گاوں لسانہ سے بطرف جموں آتے وقت راستے میں دل کا دورہ پڑا۔ فوری میڈیکل کالج اینڈ اسپتال جموں پہنچایاگیا۔ طبیعت زیادہ نازک ہوتے دیکھ کر اہل خانہ نے اُنہیں لدھیانہ لے جانے کا فیصلہ کیا ۔ ابھی اسپتال احاطہ سے باہر ہی نکلے تھے کہ مفتی عبداللہ شاہ نے کہا کہ اب وقت نہیں رہا۔ تین مرتبہ کلمہ شہادت پڑھا اور روح قفسِ عنصری سے پرواز کرگئی۔وہ سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کی حلقہ پنچایت لوہر لسانہ کے سکونتی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ، تین بچے اور تین بچیاں ہیں ۔دسویں تک آبائی گاو¿ ںلسانہ سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد دینی تعلیم کی تشنگی بجھانے کے لئے مراد آبادکا رُخ کیا۔ کچھ سال الجماعت الاشرفیہ یونیورسٹی مبارک پور اُترپردیش میں بھی لگائے اور مفتی کی ڈگری حاصل کی۔ تقریبا ًدو دہائی تک بطور امام وخطیب جامع مسجد دربار عالیہ باباغلام شاہ بادشاہ شاہدارہ شریف خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ جموں، سانبہ ، کٹھوعہ میں بھی وہ وعظ وتبلیغ کی غرض سے جاتے تھے جہاں اُن کے مریدہزاروں میں ہیں۔اُن کی جسد ِ خاکی کو ہفتہ کے روز جموں سے لسانہ لے جایاگیا جہاں پر آبائی قبرستان میں پُرنم آنکھوں سے سپرد ِ لحد کیاگیا۔ نماز جنازہ میں ہزاروںکی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جن میں سیاسی، سماجی شخصیات، علماءدین بھی شامل تھے۔ نماز جنازہ میں راجوری اور پونچھ اضلاع سے تعلق رکھنے علمائ، مفتیان، حفاظ اِ کرام اور علماءدین کی کثیر تعداد موجود تھی جن میں مفتی فاروق مصباحی ، مفتی عبدالروف ، حافظ عبدالمجید مدنی ، شاہی امام مولانا عبدالمصطفی قادری، مولانا مدثر ، مفتی گلفراز ،مولانا سید فداد ، مولانا سید آفتاب ، مولانا مقصود احمد نعیمی ، مولانا سید اخلاق شاہ، مولانا الف دین، مولانا شوکت حسین ، مولانا معین الدین ، مولانا سید طاہر بخاری ، مولانا نصیر علیمی، حافظ یاسر قابل ِ ذکر ہیں۔اُن کے سانحہ ارتحال پر خطہ کی کئی سیاسی وسماجی شخصیات نے رنج وغم کا اظہار کیا ہے جن میں سابقہ وزیر چوہدری ذوالفقار علی، سابقہ ایم ایل اے سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم، اپنی پارٹی ضلع صدر راجوری منظور حسین بخاری، پی ڈی پی جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ محمد معروف منہاس، پی ڈی پی لیڈر تعظیم ڈار، سابقہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل احسان مرزا، اعجاز الحق بخاری، ایڈووکیٹ ذوالقرنین چودھری، سید سلیم گیلانی، ایڈووکیٹ یاسر فاروق خان، مولانا شہزاد انوری، ایڈووکیٹ شوکت علی، ڈی ڈی سی چیئرمین راجوری چوہدری نسیم لیاقت ،ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی زونل صدر سرنکوٹ سید یوسف شاہ، رہبر تعلیم ٹیچرز فورم ریاستی جنرل سیکریٹری جہانگیر خان،کلچرل اکادمی میں شعبہ پہاڑی کے مدیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق انوار مرزا، جموں یونیورسٹی میں شعبہ اُردو کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید منہاس وغیرہ بھی شامل ہیں۔ سوشل میڈیا فیس بک، وہاٹس ایپ ، انسٹاگرام اور ٹیلی گرام پر ہزاروں کی تعداد میں مختلف سیاسی، سماجی اور دینی شخصیات نے تعزیتی پیغامات شیئر کئے ہیں۔