اگلے2ہفتوں تک موسم خشک رہنے کی توقع کسان اپنی فصلوں کی کٹائی کریں :محکمہ موسمیات

جموں// رواں ماہ کے 31ویں روز بھی کشمیرمیں موسم خشک ،گرم اور مرطوب رہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے موسم اگلے2ہفتوں تک خشک رہنے کاامکان ظاہر کیا ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعرات کو دن کے12بجے موسمی صورتحال سے متعلق تازہ جانکاری میں بتایاگیاکہ آج یعنی جمعرات کو بنیادی طور پر مطلع یاآسمان صاف رہے گا۔محکمہ موسمیات نے یکم اور2ستمبر کوموسم بنیادی طور پرگرم اورخشک رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے 3اور4ستمبر کو مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے بیچ بعض مقامات پرہلکی بارش ہونے کاامکان ظاہرکیا ۔تاہم محکمہ موسمیات نے 5اور6ستمبر کو پھرموسم خشک رہنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے کسانوں کو مشورہ دیاکہ وہ 3اور4ستمبر کے سوا ءباقی دنوںمیں اپنی فصلوں کی کٹائی اور اُترائی عمل میں لاسکتے ہیں ۔محکمہ ھٰذا نے ساتھ ہی کہاکہ جموں وکشمیر بالخصوص کشمیروادی میں اگلے2ہفتوں تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔