راجوری کے مضافاتی ڈسل گجراں جنگلی علاقہ میںجنگجومخالف آپریشن

ایک پاکستانی نژادملی ٹینٹ ہلاک
اسلحہ بھی برآمد، وسیع علاقے کامحاصرہ،تلاشی کارروائی جاری،پولیس بھی چوکنا:فوجی ترجمان
نیوزڈیسک
راجوری //ضلع راجوری میں رات بھرگولی باری کے بعد جمعہ کی صبح ملی ٹنٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تصادم میں ایک عدم شناخت شدہ ملی ٹنٹ ہلاک ہوگیا۔فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ڈسل گجراں (راجوری کے قریب) کے جنگلاتی علاقے میں مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی۔ انٹیلی جنس کی بنیاد پر فوج کے مشترکہ آپریشن میں گھات لگائے بیٹھے دہشت گردوں نے ہمارے فوجیوں کی جانب سے چیلنج کئے جانے پر فائرنگ کی جس پر ہمارے فوجیوں نے جوابی کارروائی کی، رات بھر فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔فوج کے ترجمان نے کہاکہ اس تصادم میں صبح کے وقت ایک دہشت گرد مارا گیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ فی الحال سیکورٹی فورسز کی جانب سے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔ مقامی پولیس نے علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموںمکیش سنگھ نے کہا کہ ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مارے گئے ملی ٹنٹ کی لاش کو بازیافت کیا گیا ہے اور اسے راجوری کے ایک اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔حکام نے بتایاکہ مبینہ طور پر ماراگیادہشت گرد پاکستانی نژاد ہے۔اُدھرپولیس ذرائع کے مطابق، سیکورٹی فورسز کو جموں و کشمیر کے راجوری علاقے کے مضافاتی دسل گجراںجنگل میں دہشت گردوں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ملی۔ اس اطلاع پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ اس دوران سیکورٹی فورسز جب دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی قریب پہنچے اور فوجی اہلکاروں نے گھات لگائے دہشت گردوں کو چیلنج کیا جس پر انہوں نے فائرنگ کردی۔ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔پولیس نے مزیدکہاکہ سیکورٹی فورسز اس بات کو یقینی بنانے میں مصروف ہیں کہ دہشت گرد کسی بھی قیمت پر علاقے سے فرار نہ ہو پائیں۔ انکاؤنٹر کی اطلاع ملنے کے بعد مقامی پولیس نے بھی علاقے میں گشت بڑھا دی ہے۔ کسی کو بھی انکاؤنٹر کے مقام پر جانے سے روک دیا گیا ہے۔سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ علاقے میں گھنے جنگل کی وجہ سے سکیورٹی فورسز کو کارروائی کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔