مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر کشیدگی کو کم کرنے کیلئے ہند چین افواج کی کوششیں جاری

نیوزڈیسک
نئی دہلی //مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر جاری کشیدگی کو کم کرنے کیلئے جہاں حالیہ دنوں مذاکرات کا 18واں دور منعقد ہوا وہیں تازہ پہل میں دولت بیگ اولڈی سیکٹر میں میجر جنرل سطح پر ہندوستانی فوج اور چینی فوج کے عہدیداروں نے میٹنگ کی جس میں تمام مسائل کو حل کرانے پر زور دیا گیا ۔بھارت اور چین کے مابین لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر جاری گزشتہ چار سالوں سے کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے دونوں طرفین مسلسل کوششوں میں ہے ۔ ان ہی کوششوں کی ایک اور پہل کے تحت ہندوستان اور چین نے دولت بیگ اولڈی (DBO) سیکٹر میں میجر جنرل سطح کی فوجی بات چیت کی جس میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر اپنے زیر التواء مسائل کو حل کرنے پر زور دیا گیا ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت اور چین کے میجر جنرل کی بات چیت مشرقی لداخ سیکٹر میں دونوں فریقوں کے کور کمانڈر مذاکرات کے 18ویں دور کے چند ہفتوں بعد ہوئی ہے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ حقیقی کنٹرول لائن کے ساتھ دولت بیگ اولڈی سیکٹر میں میجر جنرل سطح پر ہندوستانی فوج اور چینی فوج کے عہدیداروں کی میٹنگ ہوئی۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے دونوں فریقوں کے درمیان جاری تعطل کو حل کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور یہ معمول کے مطابق تھا۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران دونوں فریقین نے تمام مسائل کو مذکرات اور خوش اسلوبی سے حل کرانے پر زور دیا اور دونوں ممالک کے افواج نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جو بھی مسائل ہے ان کو باہمی مذاکرات کے ساتھ ہی حل کیا جائے ۔ واضح رہے کہ ڈی بی او سیکٹر نے ایک طویل عرصے سے دونوں فریقوں کے درمیان تناؤ دیکھا ہے اور یہاں ان کے درمیان مسائل تین سال کے تعطل اور بات چیت کے متعدد دور کے بعد بھی حل طلب ہیں۔