ضلع ترقیاتی کولگام نے ایچ اے ڈی پی پر ضلعی سطحی ٹریننگ واورینٹیشن پروگرام کا اِفتتاح کیا

کولگام/ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے آج یہاں گورنمنٹ ڈگری کالج کولگام کے کانفرنس ہال میں ہولیسٹک ایگری کلچر ڈیولپمنٹ پروگرام ( ایچ اے ڈی پی ) پر ضلعی سطح کے ٹریننگ واورینٹیشن پروگرام کا اِفتتاح کیا۔اِس تربیتی پروگرام کا اہتمام زرعی پیداوار و بہبود کساناں محکمہ نے کے وِی کے کولگام اور متعلقہ محکموں کے اِشتراک سے کیا تھا۔ پہلے دن کی ٹریننگ ’’ جموںوکشمیر میں پولٹری کی ترقی کے لئے روڈ میپ‘‘ کے عنوان سے شروع ہوئی جس کے لئے اینمل ہسبنڈری محکمہ کے ریسورس پرسن نے شرکأ کو تربیت دی۔ محکمہ اینمل ہسبنڈری اور شیپ ہسبنڈری ڈیپارٹمنٹ کے تمام تکنیکی اَفراد( گزیٹیڈ /نان گزیٹیڈ) کو پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی تربیت دی گئی۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے ریاستی معیشت میں زراعت اور اِس سے منسلک شعبوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ تربیتی پروگرام معیاری اِنسانی وسائل کی دستیابی کو یقینی بنائے گا اور جامع زراعت کی ترقی کے منصوبے پر عمل درآمد کے لئے ضروری زمینی مدد فراہم کرے گا۔اُنہوں نے شرکأ پر زور دیا کہ وہ لوگوں تک پہنچیں اور انہیں زرعی پیداوار کو بڑھانے کے لئے جدید تکنیکی اقدام اور سائنسی طریقوں کو اَپنانے کی ترغیب دیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ زراعت اور اس سے متعلقہ شعبوں کی ہمہ جہت ترقی کے تحت ان میگا پروجیکٹوں پر کامیابی سے عمل درآمد کے لئے قریبی تال میل سے کام کریں تاکہ تمام شعبوں میں طلب اور رسد کے فرق کو پُر کیا جاسکے۔چیف ایگری کلچر آفیسر سرتاج احمد شاہ نے کہا کہ زراعت اور اس سے متعلقہ شعبوں کی ہمہ گیر ترقی کے تحت منظورکئے گئے 29منصوبے خطے کے مجموعی زرعی منظر نامے میں گیم چینجر ثابت ہوں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ منصوبوں کو دستیاب وسائل ، مواقع ، تکنیکی اِنٹرونشنوں اور مطلوبہ اہداف کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔اِس پروگرام میں چیف ہارٹی کلچر آفیسر ، چیف اینمل ہسبنڈری آفیسر ، ڈسٹرکٹ شیپ ہسبنڈری آفیسر ، اے ڈی فشریز او رمحکمہ زراعت کے فیلڈ اَفسران ، اینمل ہسبنڈری ، کے وِی کے اور دیگر متعلقہ اَفسران اور دیگر متعلقین موجود تھے۔