قاضی گنڈ میں بھاجپا پنچ پر فائرنگ،پلوامہ میں پولیس پارٹی پر حملہ، 2اہلکار زخمی

قاضی گنڈ میں بھاجپا پنچ پر فائرنگ،پلوامہ میں پولیس پارٹی پر حملہ، 2اہلکار زخمی
شاہ ہلال+تنہا ایاز
اننت ناگ +پلوامہ // قاضی گنڈ کے ایک مضافاتی گائوں میں مشتبہ جنگجوئوں نے بھاجپا کے ایک پنچ کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا جبکہ پلوامہ کے ایک گائوں میں پولیس پارٹی پر جنگجوئوں نے حملہ کردیا جس کے باعث 2پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ رات دیر گئے مشتبہ جنگجوئوں نے32سالہ عارف احمد شاہ ولد مشتاق احمد شاہ ساکن آکھرن قاضی گنڈ نامی پنچ پر اس وقت گولیاں مردیں جب وہ ساڑھے نو بجے اپنے گھر میں بیٹھا تھا۔گھر میں دوسری منزل پر عارف پر دو جنگجوئوں نے فائرنگ کی اور فرار ہوئے۔گولیاں اسکی گردن میں جا لگی ہیں او اسے انتہائی نازک حالت میں قاضی گنڈ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسکی حالت نازک قرار دیکر صورہ منتقل کردیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ وہ بھاجپا کیساتھ منسلک تھا۔لیکن پولیس نے اسکی تصدیق نہیں کی ہے۔ادھر جنگجوئوں نے کاکہ پورہ پلوامہ کی ایک پولیس پارٹی پر وانپورہ نیوہ میں حملہ کردیا جس کے دوران پولیس پر گرینیڈ پھینکا گیا اور فائرنگ کی گئی۔جنگجوئوں کی اس کارروائی میں ہیڈ کانسٹیبل خورشید احمد اور ایس پی او اشفاق احمد گرینیڈ کے آہنی ریزے لگنے سے زخمی ہوئے۔جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعہ کے بعد جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے تلاشی کارروائی شروع کی گئی اور علاقے کو محاصرے میں لیا گیا۔رات دیر گئے تک یہاں تلاشیاں جاری رہیں۔