خصوصی درجے کے خاتمے کا ایک سال !ڈاکٹر فاروق کی رہائش گاہ پرکُل جماعتی اجلاس آج

ڈاکٹر فاروق کی رہائش گاہ پرکُل جماعتی اجلاس آج
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے متعدد مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کے لیڈران کو5 اگست کو اپنی رہائش گاہ پر ایک اہم مجوزہ اجلاس میں شرکت کے لئے مدعو کیا ہے۔شرکت میں مدعو کئے گئے لیڈران کا کہنا ہے کہ مجوزہ اجلاس طلب کرنے کا بنیادی مقصد 5اگست2019کے بعد جموں وکشمیر میں پیدا شدہ سیاسی بحران پر تبادلہ خیال کرنا ہے ۔انہوں نے کہا ’’ہمیں ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی جانب سے اُنکی رہائش گاہ پر منعقدہ ہونے والے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کرنے کے حوالے سے دعوت نامے موصول ہوئے ہیں‘ ‘۔ان کا کہناتھا کہ اجلاس کا ایجنڈا جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی کیلئے سیاسی حکمت عملی ترتیب دینا ہے ۔سینئر مین اسٹریم لیڈر نے بتایا کہ5اگست کو ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ واقع گپکار روڑ پر صبح11بجے ایک اہم اور غیر معمولی اجلاس منعقد ہوگا ۔ان کا کہنا تھا کہ کئی سیاسی جماعتوں کے لیڈران کو اجلاس میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ اجلاس میں نیشنل کانفرنس،پی ڈی پی ) ،کانگریس ،عوامی نیشنل کانفرنس ،سی پی آئی ایم ، پی ڈی ایف ،پیپلز کانفرنس اور پیپلز مئومنٹ کو اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔