جھیل ڈل کی عظمت رفتہ کی بحالی پرلیفٹینٹ گورنرکازور

جھیل ڈل کی عظمت رفتہ کی بحالی پرلیفٹینٹ گورنرکازور
ماہرین کی کمیٹی کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں اقدامات اور تجاویزپرغور

نیوز ڈیسک
سرینگر//لفٹینٹ گورنر گریش چندر مرمو نے ماہرہین کی کمیٹی کے ساتھ بذریعہ ویڈیو کانفرنس میٹنگ منعقد کر کے ڈل اور نگین آبگاہوں کی عظمتِ رفتہ کو بحال کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے سے متعلق لایحہ عمل پر غور و خوض کیا ۔ دورانِ میٹنگ جھیل ڈل کی بحالی ، رکھ رکھاؤ اور اس کے تحفظ کیلئے لازمی اقدامات پر غور و خوض ہوا ۔ اس کے علاوہ ڈل کے کناروں کو محفوظ بنانے پر بھی بات ہوئی ۔ اس موقعہ پر ایس ٹی پیز کیلئے تیار کئے گئے مفصل پروجیکٹ رپورٹ پر جاری پیش رفت پر بھی غور ہوا ۔ کمیٹی کے ارکان نے کہاکہ ڈل کے اندر اور اس کے گردو نواح کی ترقی ہائی کورٹ کی ہدایات کے تحت ہی عمل میں لائی جانی چاہئیے اور کمیٹی کی جانب سے مختلف میٹنگوں کے دوران اٹھائے گئے نقطوں کے تحت ہی عمل میں لائی جانی چاہئیے ۔ دورانِ میٹنگ متعدد سفارشات اور تجاویز پیش کی گئیں جن میں جموں کشمیر لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے وائس چئیر مین کو موثر انتظام اور بہتر تال میل کیلئے بااختیار بنانے کی بھی تجویز پیش کی گئی ۔ لفٹینٹ گورنر نے ڈل کے ماحولیات کو بحال کرنے اور اس کی حیاتیات کے تحفظ کیلئے لازمی اقدامات اٹھانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی کمیٹی کی تمام تجاویز کو جھیل ڈل کی بحالی ، تحفظ اور دیکھ ریکھ کیلئے مستقبل کے منصوبوں میں شامل کیا جائے گا ۔ واضح رہے کمیٹی ارکان کی ہدایات کے تحت 4 کروڑ روپے کی مالیت کی مشنری دلی میٹرو کارپوریشن سے خریدی گئی ۔جن میں گھاس پھوس نکالنے والی مشینیں بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ جھیل کے 200 میٹر اندر ایک ہوائی ڈرون سروے بھی کیا جا رہا ہے تا کہ غیر قانونی تعمیرات پر روک لگائی جا سکے ۔ اس کے علاوہ ایک سو گھروں کیلئے 3.50 کروڑ روپے کی مالیت کے بائیو ڈائیزسٹرز خریدے جا رہے ہیں ۔ میٹنگ میں ماہرین کی کمیٹی کے ارکان بشمول سابق منیجنگ ڈائریکٹر دلی میٹرو ریل کارپوریشن ، حکومت کیرلہ کے سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، منیجنگ ڈائریکٹر دلی میٹرو کارپوریشن لمٹیڈ ، ماہر ماحولیات شری ایم سی مہتہ اور دیگر اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں بذریعہ ویڈیو کانفرنس شرکت کی ۔

متعدد وفودملاقی
سرینگر//آل کشمیر ہاٹ مکس پلانٹ اونر ایسوسی ایشن اورجے اینڈ کے سیمنٹس ایمپلائیز ایسوسی ایشن کے وفود یہاں مرکزی وقف کونسل کی رُکن اور چیئر پرسن وقف ڈیولپمنٹ کمیٹی وزارت برائے اقلیتی امور حکومت ہند ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی قیادت میں راج بھون میں لیفٹینٹ گورنر جی سی مرمو کے ساتھ ملاقات کی ۔ آل کشمیر ہاٹ مکس پلانٹ اونرز ایسوسی ایشن نے لفٹینٹ گورنر کو اُن کی جانب سے کئے گئے کام کے عوض ادائیگی کی واگذاری ، مرکزی معاونت والی سکیموں بشمول سی آر ایف ، نبارڈ وغیرہ کے تحت کی جا رہی ادائیگیوں کو منظم کرنے سے متعلق مانگوں کی یاداشت پیش کی ۔یاداشت میں ضمانتی رقم کی واگذاری ، بنک ضمانتوں کی واگذاری ، نیلامی کیلئے 20 لاکھ سے زائد ضمانتی رقم والے کاموں کیلئے مڈ ڈیکلریشن متعارف کرنے ، موجودہ اور آنے والے معاہدات اور ٹینڈر دستاویزات میں قیمتوں اور قوانین میں تبدیلی سے متعلق دفعات شامل کرنے ، ایس بی ڈی متعارف کرنے ، صنعتی سرگرمیوں کیلئے سرکاری کلسٹروں کا قیام عمل میں لانے اور اس طرح کے کلسٹروں کیلئے خام مال دستیاب رکھنے کی مانگیں شامل تھیں ۔دریں اثنا جموں کشمیر ایمپلائیز ایسوسی ایشن کے ارکان نے انہیں درپیش مسائل لفٹینٹ گورنر کے ساتھ اٹھائے جن میں تنخواہوں کی واگذاری اور جموں کشمیر سیمنٹ لمٹیڈ کے باقی ماندہ ملازمین کو مختلف محکموں میں ضم کرنا شامل ہے ۔ پیش کئے گئے مسائل و مانگوں کے ضمن میں لفٹینٹ گورنر نے وفود کے ارکان کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مسائل کا ترجیحی طور پر جائیزہ لے کر اُن کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے ڈاکٹر اندرابی کو مفادِ عامہ میں اُن کی طرف سے جاری کوششوں کو قائم رکھنے کیلئے کہا ۔