مغربی پاکستان مہاجرین،گورکھااور والمیکی طبقہ کو ڈومیسائل جاری

مغربی پاکستان مہاجرین،گورکھااور والمیکی طبقہ کو ڈومیسائل جاری
جموں //جموں میں مغربی پاکستانی مہاجرین، گورکھا اور والمیکی طبقوں میں بھی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا سلسلہ شروع ہے ۔صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے ایک خصوصی کیمپ کے دوران ان افراد میں اسناد تقسیم کیں ۔اس موقعہ پر سنجیوورما نے کہا’’جموں وکشمیر سے دفعہ 370کی تنسیخ کے بعدآج کا پروگرام ان لوگوں کو ڈومیسائل اسناد جاری کرنے کیلئے منعقد کیاگیاہے جویہاں دہائیوں سے رہ رہے ہیں ‘‘۔ان کاکہناتھا’’ان لوگوں کے یہاں گھر ہیں لیکن رہائشی ثبوت نہیں،یہ ہمارے سماج کا حصہ ہیں، تاہم بدقسمتی سے انہیں ان کے حقوق نہیں ملے ، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ سے انہیں شہری حقوق ملیں گے ‘‘۔ انہوں نے بتایاکہ گورکھا طبقہ یہاں 1947سے قبل کا رہ رہاہے جبکہ مغربی پاکستان کے مہاجرین کو بھی شہری حقوق حاصل نہیں اور وہ اپنے لئے مکانات بھی نہیں خرید سکتے نہ ہی ملازمت حاصل کرسکتے ہیں،ساتھ ہی وہ سکالر شپ اور اعلیٰ تعلیم میں داخلوں کے فوائد سے بھی محروم ہیں جبکہ وہ یہاں کئی دہائیوں سے مقیم ہیں ۔سنجیو ورما کاکہناتھاکہ اب ڈومیسائل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد وہ ملازمت حاصل کرسکتے ہیں اور یہ ان کیلئے بہت بڑی راحت ہوگی ۔انہوں نے ڈومیسائل کے اجراء کو ایک تاریخی اقدام کرتے ہوئے کہاکہ یہ ملک کے ساتھ انضمام کی طرف قدم ہے۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مغربی پاکستان کے ایک نوجوان ریفوجی وکاس شرما نے بتایاکہ وہ بشناہ جموں میں رہتاہے ،اس کے گھر والے 1947سے یہاں رہ رہے ہیں لیکن انہیں آج تک ریفوجی تصور کیاگیا۔اس نے کہاکہ آج وہ خود کو آزاد محسوس کررہاہے ۔