جموں میں ایس ایس بی کو گروپ سینٹر بنانے کے لئے اراضی الاٹ

جموں میں ایس ایس بی کو
گروپ سینٹر بنانے کے لئے اراضی الاٹ
جموں//جموں و کشمیر میں اپنے اڈے کو مضبوط بنانے کے لئے سشستر سیما بل ( ایس ایس بی) جموں کے مضافاتی علاقے میں پہلا ‘گروپ سینٹر’ عنقریب بنانے جارہا ہے۔باوثوق ذرائع سے یو این آئی کو معلوم ہوا ہے کہ جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ایس ایس بی کو ‘گروپ سینٹر’ کے مکمل ڈھانچے کی تعمیر کے لئے جموں کے مضافاتی علاقہ سدھرا میں قریب پونے تین سو کنال اراضی الاٹ کی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اس گروپ سینٹر میں ایس ایس بی اہلکاروں کو تمام تر سہولیات جیسے فیملی کوارٹرس، دفاتر وغیرہ دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اس اراضی کی قیمت قریب 26 کروڑ رپے ہے جس میں سے وزارت امور داخلہ نے پہلی قسط 15 کروڑ روپے جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ادا کی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزارت امور داخلہ باقی رقم بھی عنقریب ادا کرے گی تاہم اراضی ایس ایس بی کی تحویل میں گذشتہ ماہ ہی دے دی گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایس ایس بی کو ملک بھر میں 18 سٹیشن ہیڈکواٹرس ہیں اور جموں وکشمیر میں اس کی فی الوقت 5 بٹالینز تعینات ہیں۔سال 1962 میں چین کے ساتھ تنازعے کے پیش نظر محسوس کیا گیا تھا کہ سرحدوں پر تعیناتی کے لئے صرف مسلح افواج کی ہی ضرورت نہیں ہوتی ہے اس تناظر میں مارچ 1963 میں ایس ایس بی کی داغ بیل ڈالی گئی تھی۔یو این آئی