بھارتیہ الیکشن کمیشن کا دو روزہ ریاستی دورہ مکمل جموں میں سیاسی جماعتوں اور ریاستی انتظامیہ کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا

نیوزڈیسک
جموں//الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم جو چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ کی سربراہی میں 4 مارچ کو سرینگر پہنچی تھی نے آج ریاست کا دو روزہ دورہ مکمل کیا جس دوران ٹیم نے الیکشن 2019 کے تعلق سے متعلقین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ اپنے دورے کے دوسرے روز کمیشن کی ٹیم نے جموں میں کئی سیاسی جماعتوں کے نمائیندوں کے ساتھ میٹنگ کی ۔ میٹنگ میں الیکشن کمشنر سوشیل چندراور اشوک لواسہ کے علاوہ ڈپٹی الیکشن کمشنر سندیپ سکسینہ اور ریاست کے چیف الیکٹورل افسر شلیندر کمار بھی موجود تھے ۔ سابق ایم ایل اے دویندر سنگھ رانا کی سربراہی میں نیشنل کانفرنس کے وفد ، چودھری ذوالفقار علی کی سربراہی میں پی ڈی پی کے وفد ، مولا رام کی صدارت میں کانگریس کے وفد ، راجندر شرما کی سربراہی میں بی جے پی کے وفد ، اوم پرکاش کی سربراہی میں سی پی آئی ایم کے وفد ، ہرش دیو سنگھ کی سربراہی میں این پی پی کے وفد ، سوم راج مجوترہ کی سربراہی مین بی ایس پی کے وفد اور آر سی بالی کی صدارت میں این سی پی کے وفد نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم سے ملاقات کر کے اپنا نکتہ نظر سامنے رکھا ۔ کمیشن کی ٹیم نے ڈویژنل کمشنر جموں اور اے ڈی جی پی لاء اینڈ آرڈر کے علاوہ انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کر کے انتخابات کے سلسلے میں تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے کہا کہ کمیشن ریاست میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ریاست میں مناسب ماحول پیدا کیا جانا چاہئیے تا کہ پُر امن انتخابات کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما خطوط کے مطابق چناؤ کیلئے تیاریاں شروع کرتے ہوئے آپسی تال میل بنائے رکھیں ۔ مختلف محکموں کے نوڈل افسروں کے ساتھ ایک الگ میٹنگ میں کمیشن کی ٹیم نے انتخابات کیلئے مجموعی طور تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندگان کو ہر طرح کی سہولیت فراہم کرنے کو یقینی بنایا جانا چاہئیے ۔ کمیشن نے ریاستی انتظامیہ کے عہدیداروں پر باور کرایا کہ وہ مثالی ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقین بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی کی جانی چاہئیے ۔ کمیشن نے ریاستی چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرا منیم اور پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کے ساتھ بھی ایک میٹنگ میں چناؤ تیاریوں پر اُن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔