نوجوانوں کو ہی جموں وکشمیر کا پرچم بلند رکھنا ہوگا جمہوری اور آئینی حقوق کی رکھوالی کا راز اتحاد میں ہی مضمر: فاروق عبداللہ

اڑان نیوز
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ورکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ موجودہ وقت میں جموں وکشمیر کے عوام اور سیاسی جماعتوں کو تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کر ریاست کی وحدت، انفرادیت، اجتماعیت اور مذہبی ہم آہنگی کے خلاف ہورہی سازشوں کو ناکام بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ متحد اور یک زبان ہوکر ہی ہم اپنے مفادات ، احساسات اور جمہوری و آئینی حقوق کی رکھوالی کرسکتے ہیں، ٹولیوں میں تقسیم ہونے سے ہمارا دشمن آسانی سے اپنے ناکام عزائم میں کامیاب ہوسکتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار فاروق عبداللہ نے جمعرات کو یہاں ضلع سری نگر کے خواتین ونگ کے اجلاس اور حلقہ انتخاب امیرا کدل کے یوتھ نیشنل کانفرنس کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کا پرچم ہماری ریاست کی انفرادیت کی علامت ہے اور ہماری جماعت اس کی حرمت بنائے رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ خواتین عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ آج کے دور میں خواتین کسی بھی صورت میں مردوں سے کم نہیں۔ خواتین نے ہرایک شعبے میں اپنی قابلیت اور صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔ملک بنانے میں خواتین کا رول کسی بھی زاوئے سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست خصوصاً کشمیری خواتین نے سخت ترین اور مشکل ادوار میں ثابت قدم رہ کر اپنے عزم اور استقلال کا ثبوت فراہم کیا۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے خواتین کی بااختیاری کے لئے ناقابل فراموش کام کیا۔ ہماری جماعت نے ہی خواتین کے لئے پنچایتوں میں 33فیصدی ریزرویشن دی اور میڈیکل کالجوں میں 50فیصدی نشستیں مختص رکھیں۔ہماری جماعت خواتین کی عملی سیاست میں شرکت کی حامی رہی ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہماری جماعت میں تعلیم یافتہ، قابل، باصلاحیت اور جفا کش خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس حکومت میں آکر خواتین کی بااختیاری کے لئے مزید کام کرے گی اور نئی پالیسیاں متعارف کرے گی۔اس موقعے پر خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس اور صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقعے پر سینئر پارٹی لیڈران پیر آفاق احمد، عرفان احمد شاہ،شوکت احمد میر ،عمران نبی ڈار ،غلام نبی بٹ اور یوتھ ضلع صدر سری نگر خالد راٹھور بھی موجود تھے۔یوتھ نیشنل کانفرنس کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ نوجوانوں کو ہی ریاست کو تعمیر و ترقی اور نئی منزلوں کی اور لے جانا ہے اور ساتھ ہی جموں و کشمیر کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی انفرادیت اور شناخت کے پیچھے ایک سنہری تاریخ ہے اور شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کے تاریخ ساز اقدامات ہماری اس انفرادیت سے جھلکتے ہیں۔لیکن شیر کشمیر نے ریاست کی انفرادیت لے حصول اور تحفظ کے لئے بے بہا قربانیاں پیش کیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ370اور 35اے میں ہماری ریاست کی انفرادیت کو تحفظ حاصل ہوا ہے اور اب یہ نوجوانوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ شانہ بہ شانہ چل کر ریاست کی اس انفرادیت کی رکھوالی میں اپنا رول نبھائیں۔نوجوانوں کو ہی ریاست کی اجتماعیت، مذہبی ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارے کی ریت کو قائم و دائم رکھنا ہوگا کیونکہ آگے چل کو آپ کو ہی ریاست اور پارٹی کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔