بھارتیہ پائلٹ کی رہائی کا اعلان ایک عظیم فیصلہ اور مفاہمت کی علامت: محبوبہ مفتی

سرینگر//پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک عظیم فیصلہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری نظر میں یہ مفاہمت کی علامت ہے اور حکومت ہندوستان کو اس کا مثبت جواب دینا چاہیے۔ محترمہ مفتی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ‘ونگ کمانڈر ابھی نندن کی رہائی کا اعلان ایک عظیم فیصلہ ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا جب پاکستان پہلے سے کشیدگی صورتحال کو مزید کشیدہ بناسکتا تھا۔ میری نظر میں یہ مفاہمت کی علامت ہے۔ ہماری قیادت کو مثبت جواب دینا چاہیے’۔ بتادیں کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی نندن کو جمعہ کے روز رہا کیا جائے گا۔