پاکستان کا مسئلہ کشمیر میں کوئی رول نہیں مسایہ ملک کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی :گورنر ملک

نیوزڈیسک
؎سرینگر//ریاست کے گورنرنے انکشاف کیا کہ مرکز کی جانب سے آج تک ریاست کی تعمیر وترقی کیلئے جتنی رقومات فراہم کی گئی اُس کا زیادہ تر حصہ کرپشن کی بھینٹ چڑھ گیا ۔ انہوںنے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر میں کرپشن نے سنگین رخ اختیار کیا ہے۔ گورنر ملک کے مطابق کشمیر مسئلے میں پاکستان کا کوئی رول نہیں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت نہیں ہوسکتی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق پٹن یونیورسٹی میں ایک تقریب پر تقریر کرتے ہوئے ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک نے کہاکہ ہمسایہ ملک پاکستان نے بھارت کے خلاف درپردہ جنگ شروع کی ہے لہٰذا پاکستان کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت نہیں ہوسکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا کشمیر مسئلے میں کوئی رول نہیں بنتا ہے کیونکہ کشمیر بھارت کا ناقابل تنسیخ حصہ ہے اور کسی کو بھی اس طرح دیکھنے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گورنر ملک کے مطابق جو پارٹی پاکستان کو بات چیت میں شامل کرنے کا مطالبہ کرئے گی اُس پارٹی کے ساتھ بھی بات چیت شروع کرنے کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاسکتا ہے۔ ریاست کے گورنر نے تقریب سے تقریر کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی حکومت نے ہمیشہ ریاست میں تعمیر وترقی اور امن وامان کی خاطر کروڑوں روپیہ فراہم کئے تاہم رقومات کا بیشتر حصہ کرپشن کی نذر ہو گیا ۔ انہوںنے کہاکہ کرپشن اور اقربا پروری نے پوری ریاست کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اقربا پروری کے نتیجے میں وادی کا نوجوان حکومت سے بدل ہو کررہ گیا ہے ۔ کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ سرکاری آفیسران جو کرپشن میں ملوث قرار پائے جائینگے اُن کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ کسی کو بھی سرکاری رقومات ہڑپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جوکوئی بھی ملوث ہوگا اُسے سخت سزا سزا دی جائے گی۔ گورنر ستہ پال ملک کے مطابق ریاست میں حالات کو معمول پر لانے کیلئے سیکورٹی ایجنسیاں اپنی خدمات خو ش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔حالیہ بلدیاتی انتخابات پر بات کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ ریاست کے لوگوں نے الیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جبکہ اس دوران کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہیں ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست کے لوگ جمہوری اداروں میں یقین رکھتے ہیں۔