ڈاکٹر سامون نے دربار موو ٹریفک نظامت کا جائزہ لیا

اڑان نیوز
جموں//پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن ، ماہی پروری اور ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مسافروں کو ریاست میں بہتر عبور و مرور کی سہولیات بہم رکھیں ۔ پرنسپل سیکرٹری کل یہاں ایک میٹنگ کے دوران دربار موو کے سلسلے میں کئے جا رہے ٹریفک منیجمنٹ کا جائیزہ لے رہے تھے ۔ میٹنگ میں ایم ڈی جے کے ایس آر ٹی سی ڈاکٹر منموہن سنگھ ، آر ٹی او کشمیر ، ایڈیشنل سیکرٹری ،اننت ناگ کلگام کے اے آر ٹی اوز اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ٹرانسپورٹ کمشنر ایس پی وید ، آر ٹی او جموں ، اے آر ٹی او اودھمپور ، اے آر ٹی او رام بن ، ڈی ایس پی ٹریفک رام بن اور کئی دیگر افسروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ ڈاکٹر سامون نے ایم ڈی ایس آر ٹی سی کو ہدایت دی کہ وہ دربار موو کیلئے بسوں اور ٹرکوں کا خاطر خواہ انتظام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ موبائیل ورکشاپوں اور ریکوری وینز کا بھی معقول انتظام کیا جانا چاہئیے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے قومی شاہراہ کی مختلف پٹیوں کی فوری مرمت کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے آر ٹی او کشمیر اور جموں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹیکسی اپریٹر مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول نہ کریں ۔ شاہراہ پر ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں کی غلط پارکنگ کی وجہ سے ہونے والے ٹریفک جام پر قابو پانے کیلئے ڈاکٹر سامون نے افسران کو ہائی وے کے نزدیک پارکنگ سہولیات قایم کرنے کیلئے گنجایشیں تلاش کرنے پر زور دیا ۔ بانہال رام بن سڑک پر آئے روز پیش آنے والے سڑک حادثات کا ذکر کرتے ہوئے سامون نے اوور لوڈنگ اور تیز رفتار گاڑیوں پر نظر گذر رکھنے کی ہدایت دی ۔ ٹرانسپورٹ کمشنر ڈاکٹر وید نے شاہراہ پر حساس مقامات پر تحفظاتی دیواریں تعمیر کرنے پر زور دیا تا کہ حادثات کو کم کیا جا سکے ۔