ٹریول ایجنٹ سیکرٹری سیاحت سے ملاقی، کئی معاملات کو اجاگر کیا

سرینگر//سیکرٹری سیاحت رگزن سیمفل نے کل کہا ہے کہ ریاست میں مختلف سیاحتی مقامات پر سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کیلئے وزیر اعظم ترقیاتی منصوبے کے تحت 2 ہزار کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں ۔ سیکرٹری موصوف آج ٹریول ایجنٹس سوسائیٹی آف کشمیر کے زعماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران تبادلہ خیال کر رہے تھے ۔ اس دوران انہیں سیاحتی سیکٹر سے جُڑے مسائل کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ اس موقعہ پر ٹی اے ایس کے نے مرکزی حکومت کی وزارتِ سیاحت کے اشتہاری مہم ان کریڈیبل انڈیا کے ذریعے سے سیاحت کی مارکیٹنگ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے مختلف سیاحتی مقامات پر بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے علاوہ جھیل ڈل میں لیزر شو اور شالیمار باغ میں لائیٹ ساؤنڈ شو شروع کرنے کی بھی وکالت کی ۔ ٹاسک نے سیکرٹری سیاحت کو کئی دیگر معاملات سے بھی باخبر کرایا ۔ سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ محکمہ ملک اور بیرونِ ملک روڈ شو کا انعقاد کر رہی ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں غیر ملکی سیاحوں کو جموں کشمیر کی طرف راغب کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملیشیا ، تھائیلینڈ اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی تعداد میں 45 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ رگزن سیمفل نے اس موقعہ پر کہا کہ مرکزی سرکار نے پی ایم ڈی پی کے تحت ریاست میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کیلئے 2 ہزار کروڑ روپے مختص کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے تحت محکمہ سیاحت مختلف مقامات کی نشاندہی کرے گا تا کہ ان مقامات کو مرحلہ وار طریقے پر ترقی دی جا سکے ۔ سیکرٹری نے کہا کہ ہیری ٹیج ایکو پلگرمیز ، ہمالین ، ایڈوینچر ، سفاری ، گالف جیسے موضوعات پر سیاحتی اشیاء کی نشاندہی کی جائے گی اور اس ضمن میں مختلف اتھارٹیوں کے سی ای اوز کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایک سو کروڑ روپے کا ایک ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کو ترقی دیتے وقت ماحولیات اور قدرتی وسائل کو اثر انداز نہیں ہونے دیا جانا چاہئیے ۔ ٹاسک کی قیادت اس کے صدر میر انور کر رہے تھے جبکہ وفد میں محمد ابراہیم سائی ، شوکت پکتون ، محمد حفیظ شالہ اور اطہر امین نروری بھی شامل تھے ۔