پی ایچ ای عارضی ملازمین کا احتجاج جاری پونچھ قصبہ میں پانی کی شدید قلت کا سامنا

پرتپال سنگھ
پونچھ//محکمہ پی ایچ ای میں ڈیلی ویجر اور کیجول لیبر ملازمین کی جانب سے اپنی مانگوں کو لے کر ہڑتال جاری ہے جس کیلئے انہوں نے پونچھ قصبہ میں بھی کام چھوڑ ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔ 72گھنٹے کی احتجاجی کال کے نتیجے میں پونچھ میں پانی کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور قصبہ کے رہائشیوں کو بے پناہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پونچھ قصبہ میں اس احتجاج کے باعث پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ابھی یہ ہڑتال جاری ہے اور لوگوں کا کہنا ہے کہ اس دوران انہیں مزید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لہذا حکومت اس حوالے سے مناسب اقدامات کرے تاکہ محکمہ کے یہ عارضی ملازمین ہڑتال ترک کریں۔ پونچھ کے لوگوں نے ریاستی گورنر سے گزارش کی کہ وہ ان ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔