گورو ہرگوبندسنگھ کا جنم پرکاش دیواس عقیدت واحترام سے منایاگیا

گورو ہرگوبندسنگھ کا جنم پرکاش دیواس عقیدت واحترام سے منایاگیا
گوروداروں میں خصوصی شبدکیرتن اور پاٹھ کا اہتمام، ہزاروں کی شرکت
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//سکھوں کے چھٹے گورو گورو ہرگوبند جی کا جنم دن پرکاش اُتسوریاست بھر میں جمعرات کے روز مذہبی جوش وخروش کے ساتھ سکھ برادری نے منایا۔اس دوران گورودواروں میں خصوصی پاٹھ اور شبدکیرتن کا اہتمام کیاگیا جس میں ہزاروں کی تعداد میںمرد وخواتین، بوڑھے بچوں نے شرکت کی۔جموں ضلع میں سب سے بڑی تقریب گورودواراہ چھٹی پاٹھ شاہی تالا ب تلو جموں میں ضلع گردواراہ پربندھک کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس میں سکھ سنگت، مختلف سکھ تنظیموں کے ساتھ ساتھ دیگر عقیدتمندوں نے جوش وخروش سے شرکت کی۔ اس دوران نامورسکھ مبلغین بھائی سربجیت سنگھ دھوتیاں، بھائی پرمپال سنگھ سابڑہ نے گورو ہرگوبندصاحب کی حیات اور تعلیمات پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے بتایاکہ گوروہرگوبند صاحب گورو ارجن صاحب کے والد بیٹے تھے جوکہ 11برس کی عمر میں گورو بن گئے۔انہوں نے گورو ارجن دیو کو ہراساں کرنے اور ان کے ساتھ ہی کی گئی ذیادیتوں کے بعد سکھ طبقہ کو اپنے دفاع کے لئے ملٹری روایت کو قائم کیا اوریہ کام گورو ہرگوبندسنگھ جی کی زیر قیادت ہوا۔ سکھ مبلغین نے ’میری پیری ‘تصور کی وضاحت کرتے ہوئے گورو ہرگوبند سنے دو تلواریں اٹھائیں تھیں، ایک روحانی طاقت اور دوسری عارضی طاقت کی نمائندگی کرتی ہے۔ گورو ہرگوبند سنگھ نے شری اکال تخت صاحب کو بھی تعمیر کیا۔ ڈیرہ ننگالی صاحب مہنت منجیت سنگھ اورسنت پورہ ڈنہ کے سنت تیجونت سنگھ نے بھی گورو ہرگوبند سنگھ کی حصولیابیوں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے امرت داری اور منشیات سے پاک سماج کی ضرورت پرزور دیا۔ حضوری راگی شری دربار صاحب امرتسر سے بھائی دویندر سنگھ اور مقامی راگی جتھوں نے گربانی کیرتن پڑھی۔ضلع گردوارا پربندھک کمیٹی جموں کے جنرل سیکریٹری سردار اوتار سنگھ خالصہ ، جنہوں نے پروگرام میں نظامت کے فرائض انجام دیئے نے اتحاد اور نظم ونسق کی ضرورت پرزور دیا۔ شرومنی اکالی دل (بادل)کے صدر اور گردوارا پربندھک کمیٹی ممبر جتھیدار موہندر سنگھ نے ریاست جموں وکشمیر میں سکھ طبقہ کو درپیش مسائل ومشکلات اور ان کے دیرینہ مطالبات پر مبنی قرار دادیں پیش کیں ۔ ریاستی گوردواراہ پربندھک بورڈ چیئرمین سردار ترلوچن سنگھ وزیر نے سکھ برادری کو اس موقع پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے بھی گوروہرگوبند سنگھ کی تعلیمات کو اجاگر کیا اور ساتھ ہی قرار دادوں کے حق میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ سکھ طبقہ کو زندگی کے تمام شعبہ جات میں امتیاز کا سامنا ہے۔ انہوں نے طبقہ میں ہرسطح پر آپسی اتفاق واتحاد قائم رکھنے کی تلقین کی تاکہ چیلنجوں سے نپٹا جاسکے۔ لنگر کا بھی اہتمام تھا جبکہ سکھوں کی تاریخ اور ادب پر مبنی کتابوں، کتابچوں کے مختلف اسٹال بھی لگائے گئے تھے۔ اس تقریب میں موجود معززین میں ایڈووکیٹ سریندر سنگھ، سرجیت سنگھ، بھائی گردیو سنگھ، سردار منموہن سنگھ، سردار کلدیپ سنگھ، سردار موہندر سنگھ اکھنور، سردار ہرجندر سنگھ رینہ، سردار نریندر سنگھ خالصہ، سردار بلونت سنگھ، سردار رانجودھ سنگھ نالواہ، کامریڈ سکھ دیو، سردار رنجیت سنگھ ، سردار رنجیت سنگھ بھی موجود تھے۔ آخری میں ضلع گردواراپربندھک کمیٹی جموں کے صدر سردار جگجیت سنگھ نے تمام عقیدتمندوں، سیواداروں اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ اس دوران مزید محنت ولگن، تندہی سے کام سے کام کرنے کا عزم کیا۔