کشمیر میں بہت خون بہایا جا چکا بس اب عوام امن چاہتے ہیں: ایس پی وید

اڑان نیوز
جموں//ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا ہے کہ کشمیری عوام امن چاہتے ہیں اور وادی میں گزشتہ دو برسوں کے دوران بہت خون بہایا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اس وقت امن کی طرف گامزن ہے اور یہ بہادر سیکورٹی فورسز جوانوں کی قربانیوں سے ہی ممکن ہوسکا ہے۔ ڈاکٹر وید نے ہفتہ کے روز یہاں نگروٹہ علاقہ میں واقع جگتی ٹاون شپ میں پولیس کے مہلوک سیلکشن گریڈ کانسٹیبل دیپک ٹھسو کے افراد خانہ سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انسداد عسکریت پسندی آپریشنز بہت ضروری ہیں تاکہ کشمیری عوام راحت کی سانس لے سکیں۔ انہوں نے کہا ”ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں موسم گرما میں حالات پرامن رہے“ ۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ امن کے لئے ترس رہے ہیں اور وہ امن چاہتے ہیں۔ ایس پ وید نے کہا ”میں سمجھتا ہوں کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران تشدد میں بہت خون بہایاجاچکا ہے۔ یہ اعلیٰ وقت ہے کہ وہ لوگ جو دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں، احساس پیدا کرے“۔ انہوں نے مزید کہا ’ریاست اس وقت امن کی طرف گامزن ہے اور یہ بہادر جوانوں کی قربانیوں سے ہی ممکن ہوسکا ہے‘۔پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے کہا کہ پاکستان عسکریت پسندوں کی معاونت کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ریاست خاص کروا دی کشمیر میں حالات معمول پر آرہے ہیں تاہم پاکستان کی جانب سے جنگجوؤں کو اس طرف دھکیلا جارہا ہے ۔ پولیس چیف کے مطابق حالات کو درہم برہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریاست خاص کروا دی کشمیر میں عسکری کارروائیوںمیں اضافہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس چیف نے کہاکہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی ۔ انہوںنے کہاکہ ملی ٹینسی کے خاتمے میں آپریشن آل آوٹ جاری رہے گا ۔ پولیس چیف کا مزید کہنا تھا کہ ریاست جموںوکشمیر میں امن و امان کے قیام کی خاطر سیکورٹی فورسز کے اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ امن و امان قائم کرنے کیلئے جموںوکشمیر پولیس اور دوسری سیکورٹی ایجنسیاں دن رات کام کر رہی ہے۔ ڈاکٹر ایس پی ویدنے واضح کردیا کہ ڈورو میں جاں بحق عسکریت پسند غیر ملکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موسم گرما کے دوران وادی کشمیر میں امن و قانون بنائے رکھنے کیلئے جموںوکشمیر پولیس کی جانب سے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔ پولیس چیف کے مطابق کسی کو بھی امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جوکوئی بھی تشدد کو ہوا دینے کے ضمن میں ملوث قرار پائے گا اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے بعد پولیس چیف ڈاکٹر ایس پی وید نے کپواڑہ میں جھڑپ کے دوران جاں بحق پولیس اہلکار دیپک ٹھوسو ساکنہ جگتی نگر جموں کے گھر جا کر لواحقین کے ساتھ تعزیت پُرسی کی اور انہیں یقین دلایا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پولیس ڈپارٹمنٹ اُن کے ساتھ ہے۔