ریاست کے 54دور دراز دیہات کو سولر پاور فراہم کئے جائیں گے پروجیکٹ کی عمل آوری کے لئے صوبائی وضلع انتظامیہ تعاون کرے:ویاس

اڑان نیوز
جموں//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں انہوں نے سولر پاور کے ذریعے پانچ اضلاع کے54 دیہاتوں کو بجلی فراہم کرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دی۔یہ میٹنگ مرکزی کابینہ سیکرٹری کی یکم مارچ2018 کی میٹنگ کے سلسلے میں منعقد کی گئی جس میںانہوں نے مختلف ریاستوں بشمول جموں وکشمیر کے چیف سیکرٹریوں کے ساتھ رورل الیکٹریفکیشن پروگرام کی عمل آوری کا جائیزہ لیا تھا۔کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی، ڈویثرنل کمشنر جموں، ایم ڈی جے کے ایس پی ڈی سی اور اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ڈویثرنل کمشنر کشمیر اور کشتواڑ، لیہہ، کرگل، بانڈی پورہ، کپواڑہ و اودہمپور کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں پانچ اضلاع بشمول کشتواڑ، لیہہ، کرگل، بانڈی پورہ اور کپواڑہ کو ہوائی اور زمینی ٹرانسپورٹ کے ذریعے سولر پاور یونٹ بھیجنے کے تفصیلی ایکشن پلان کو حتمی شکل دی گئی۔چیف سیکرٹری نے صوبائی اورضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ پی ڈی ڈی کو تمام ضروری تعاون دیں تا کہ پورے پروجیکٹ کی عمل آوری کامیابی سے ہمکنار ہو۔