بالی بھگت نے جی ایم سی میں مخصوص ٹیٹنس وارڈ اور71 لاکھ روپے کی نئی لفٹ خدمت کا افتتاح کیا

اڑان نیوز
جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے آج گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں ایک ٹیٹنس وارڈ اور نئی لفٹ سہولت کو مریضوں کے نام وقف کیا۔ان کاموں پر71 لاکھ کی لاگت آئی ہے۔اس دوران وزیر نے جی ایم سی کے کئی یونٹوں اور وارڈوں کا معائنہ کر کے وہاں دستیات سہولیات اور صفائی ستھرائی کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔اس موقعہ پر پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر سنندا رینہ کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ان سہولیات کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر موصوف نے متعلقہ ا فسروں کے ساتھ وہاں دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا۔اس موقعہ پر جی ایم سی،ایس ایس ایچ اور ایس ایم جی ایس کے کام کاج سے جڑے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے افسروں پر زور دیا گیا کہ وہ لگن اور تندہی کے ساتھ کام کر کے مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات دستیاب رکھیں۔اس دوران وزیر نے انجنئیروں پر زور دیا کہ وہ تمام کاموں کو معیاد بند مدت کے اندر اندر مکمل کریں۔ انہوں نے جی ایم سی کی جاذبیت میں اضافہ کرنے کے لئے منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔بالی بھگت نے کہا کہ حکومت ریاست کے ہر ایک علاقہ میں لوگوں کو بہتر طبی سہولیات بہم پہنچانے کی وعدہ بند ہے اور اس مقصد کے لئے ہسپتالوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لائی جارہی ہے۔ذرائع ابلاغ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نجی ایمبولنس گاڑیوں کے لئے شرحیں طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی سہولت کے لئے حکومت چند دنوں کے اندر اندر یہ شرحیں قائم کرے گی۔