ہائی کورٹ کمپلیکس جموں میں پرائمری ہیلتھ سینٹر عمارت کی تعمیر کا آغاز 3.56کروڑ روپے کی لاگت سے مالی سال2018-19کے دوران تکمیل کا ہدف

اڑان نیوز
جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے بار ایسوسی ایشن جموں کے ساتھ چند روز پہلے کئے گئے وعدے کو پورا کرتے ہوئے آج ہائی کورٹ کمپلیکس جموں میں پرائمری ہیلتھ سنٹر عمارت کے کام کی شروعات کی ۔ یہ عمارت 3.56 کروڑ روپے کی لاگت سے مالی سال 2018-19 کے دوران مکمل کی جائے گی ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ حکومت صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کیلئے وعدہ بند ہے اور اس حوالے سے کئی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتِ عالیہ ایک اہم جگہ ہے جہاں کافی تعداد میں لوگ آتے ہیں اور یہاں پی ایچ سی میں تشخیصی سہولیات کے ساتھ ساتھ معقول تعداد میں عملے کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔ وزیر نے انجینئروں پر زور دیا کہ وہ کاموں کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنائیں ۔ اس موقعہ پر سینئر ایڈووکیٹ اور بار ایسوسی ایشن جموں کے صدر بی ایس سلاتھیہ نے وزیر موصوف کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ایچ سی عمارت کی تعمیر سے وکلاء، جوڈیشری کے ارکان ، عملے اور عام لوگوں کو طبی نگہداشت کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ واضح رہے کہ وزیر صحت نے فروری 2018 کے آخری ہفتے میں عدالتِ عالیہ کمپلیکس کا دورہ کر کے وہاں سرکاری ڈسپنسری میں موجود طبی سہولیات کا جائیزہ لیا تھا ۔ جس دوران بار ایسوسی ایشن جموں نے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے اور عمارت پر کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس عمارت کی سنگِ بنیاد 2012ءمیں رکھی گئی تھی ۔ اس موقعہ پر وزیر نے انہیں یقین دلایا تھا کہ اُن کے مطالبے پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔ آج ہائی کورٹ کمپلیکس پہنچنے پر کافی تعداد میں وکلاءاور بار ایسوسی ایشن جموں کے زعماو¿ں نے وزیر موصوف کا والہانہ استقبال کیا ۔