پانی کو مستقبل کیلئے بچایا جانا چاہئے: کویندر گپتا

جموں//قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے پانی کو آنے والی نسلوں کیلئے بچانے اور اسے محفوظ کرنے کیلئے اختراعی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ گاندھی نگر جموں میں اس حوالے سے منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر موصوف نے کہا کہ پانی کو انسانی زندگی میں ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے اس لئے اسے آنے والی نسلوں کیلئے بچایا جانا چاہئیے ۔ ورکشاپ میں ایم ایل سی ونود گپتا کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ کویندر گپتا نے پانی کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنانے میں عام لوگوں کا تعاون طلب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے کسی بھی فرد کو پینے کے پانی کا غلط استعمال نہیں کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں گھر گھر تک پینے کا صاف پانی پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کو عوام کے تعاون کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کا وقتاً فوقتاً تجزیہ کیا جانا چاہئیے تا کہ لوگ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے دور رہیں ۔ اس موقعہ پر کیمپ میں موجود لوگوں نے اس طرح کا کیمپ منعقد کرنے کیلئے متعلقہ محکمے کی ستائش کی ۔