چیف سیکرٹری کی صدارت میںانتظامی سیکرٹریوں کی کمیٹی اجلاس

جموں//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے کل انتظامی سیکرٹریوں کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں پبلک فائنانشل نظام کی سکیموں سے متعلق لازمی جانکاری اور رجسٹریشن و میپنگ کی صد فیصد تکمیل کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے محکموں میں پی ایف ایم ایس کی پیش رفت کا جائیزہ لے کر سٹیٹس نوٹ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو بھیج دیں ۔ چیف سیکرٹری نے وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج اور وزیر اعلیٰ کی طرف سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے عمل کا بھی جائزہ لیا ۔ اُنہوں نے انتظامی سیکرٹریوں سے کہا کہ وہ پی ایم ڈی پی کے تحت مکمل کئے گئے کاموں کی یوٹیلائزیشن اسناد پیش کریں تا کہ مرکزی سرکار سے مزید رقومات حاصل کئے جا سکیں ۔ اُنہوں نے وزیر اعلیٰ کے فیصلوں کو ترجیحات میں شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ بی بی وِیاس نے عوامی شکایات کا نپٹارہ ، ایس آر او 43 کیسوں کی منظوری ، آدھار پر مبنی حاضری نظام ، ایڈہاک اور کنٹریکچول ملازمین معاملات کے علاوہ کئی دیگر محکموں کے امور کا بھی جائزہ لیا ۔