لوگوں تک پینے کا صاف پانی پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح :شام چودھری

جموں//پی ایچ ای ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے وزیر شام لال چودھری نے حکومت کی اُن کوششوں میں عوام کا تعاون طلب کیا جن کی رو سے ریاست کے ہر ایک گھر تک پینے کا صاف پانی پہنچایا جا رہا ہے ۔ وزیر موصوف آج سچیت گڑھ حلقے کے باس پور میں محکمہ کی طرف سے منعقدہ ایک ورکشاپ کے دوران خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت ریاست کے گھر گھر تک صاف پینے کا پانی پہنچانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے تا ہم لوگوں کو بھی پینے کا پانی منصفانہ ڈھنگ سے استعمال کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران لوگوں کی سہولت کیلئے کئی سکیمیں شروع کی گئی ہیں ۔ انہوں نے پی ایچ ای محکمہ سے کہا کہ وہ علاقے میں تمام آبی ذخائیر میں پانی کے معیار کی جانچ کریں ۔ اس موقعہ پر متعلقہ افسروں نے پانی کی ٹیسٹنگ کے حوالے سے ایک خاکہ پیش کیا ۔ کیمپ میں موجود لوگوں نے اس طرح کا کیمپ منعقد کرنے کیلئے محکمہ کی ستایش کی ۔