امیتابھ مٹو کوکیپٹل فائونڈیشن نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا

جموں//وزیر اعلیٰ کے صلاح کار پروفیسر امیتابھ مٹو کو تعلیم اور تدریسی اصلاحات میں بے مثال رول ادا کرنے کے لئے نامور کیپٹل فائونڈیشن نیشنل ایوارڈ عطا کیا گیا ہے۔کیپٹل فائونڈیشن ایک غیر سرکاری اور رضاکار انہ ادارہ ہے جو پالیسی معاملات کے حوالے سے عوامی رائے عامہ تیار کرنے میں ایک اہم رول ادا کرتا ہے ۔اس کے ارکان میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند ، سابق صدر ڈاکٹرپرنب مکھر جی ، مرکزی وزراء ، سول افسران ، وائس چانسلر ، فوجی دستوں کے سربراہ ، سینئر تعلیم دان ، جج صاحبان ، سماجی کارکن اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معروف شخصیات شامل ہیں ۔اس وقت وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر مٹو کو کابینہ وزیر کا درجہ حاصل ہے اور وہ نالیج انشیٹیو کی سربراہی کرتے ہیں جس کی رو سے وہ سکولوں ، کالجوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے تعلیمی نظام میں اختراعی اقدامات کی سفارشات حکومت کو پیش کرتے ہیں ۔پروفیسر مٹو نے اپنے کیئریر میں دنیا بھر کے اہم اداروں میں مختلف حیثیتوں سے اپنے فرائض بخوبی انجام دئیے ہیں اور وہ اس وقت بھی عالمی سطح کے کئی اداروں کے ساتھ منسلک ہے ۔انہوں نے آٹھ کتابیں تصنیف کی ہے اور ایک سو سے زیادہ مضمون بھی لکھے ہیں۔انہیں شعبہ تعلیم اور عوامی زندگی کے دوران بے مثال کام انجام دینے کے لئے 2008ء میں پدم شری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔