بالا کوٹ سیکٹر میں دوران شب گولہ باری کا تبادلہ

طارق خان
بالا کوٹ / / با لا کوٹ سیکٹر میں کنٹرول لائن پر گزشتہ دیر شام بھارت و پاکستانی افواج کے بیچ شروع ہو نے والا گولہ باری کا تبادلہ پوری رات جا ری رہی جس کے دوران کئی مارٹر شیل رہائشی علاقوں میں گرے ۔ فوج کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے گزشتہ دیر شام 10بجے بالا کوٹ سیکٹر میں بھارتی چوکیوں پر گولہ بار ی شروع کر دی جس کا جواب اس طرف سے بھی دیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ گولہ باری کا تبادلہ قریب 3گھنٹے تک جاری رہا تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ اس دوران درجنوں مارٹر شیل رہائشی علاقوں میں بھی گرے جس کے باعث لوگوں میں کافی خوف و دہشت پھیل گئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق بالاکوٹ، پنجنی،رام لہوتہ ،سندوٹ، لنجوٹ، بسونی، دھر اٹی،بھروتی اور سوہا لہ کے رہائشی علاقوں میں کئی مارٹر شیل گرے ۔ تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ کنٹرول لائن پر پچھلے کئی ماہ سے بھارت اور پاکستان کے درمیان گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے اور ابھی تک دونوں طرف کے فوجی اہلکاروں کے علاوہ درجنوں عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہو ئے ہیں ۔ اس کے علاوہ لوگوں کی املاک کو بھی زبر دست نقصان پہنچا ہے ۔