جموں رواداری کی کرن ،اسے بجھنے نہ دیں مختلف طبقوں میں خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے : محبوبہ مفتی

اڑان نیوز
جموں//جموں کے لوگوں کی طرف سے صبر کرنے ،بھائی چارہ اور آپسی میل ملاپ کے رشتوں کو مضبوط رکھنے پر سراہنا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان مقدس روایات کو قائم رکھتے ہوئے سماج کو خود غرض عناصر سے محفوظ رکھنے میں حکومت کا تعاون کریں۔ اتوار کو یہاں ایک یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پچھلے تین دہائیوں کے مشکل حالات سے گزرتے ہوئے جموں کے لوگوں نے بڑی حد تک بالغ نظریئے کا اظہار کیا ہے اور اپنے ساتھ ریاست کے دیگر خطوں جیسے کشمیر اور لداخ کے لوگوں کے ساتھ اخوت کا رشتہ قائم رکھا۔ تاہم انہوں نے چند خود غرض عناصر کے عزائم کے بارے میں خبردار کیا جو امن کے ماحول کو خراب کرنے اور آپسی بھائی چارے کے رشتوں کو نقصان پہنچانے کے درپہ ہیں۔حالیہ سنجوان آرمی کیمپ پر حملے کا ذکرکرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ حرکت بھی چندخو دغرض عناصر کی کارستانی تھی ۔اس کے علاوہ کٹھوعہ میں آٹھ سالہ بچی کی لرزہ خیز ہلاکت بھی ایسے ہی لوگوں کی سازش کا ایک حصہ ہے ۔تاہم وزیرا علیٰ نے اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہ جموں کے لوگ ایسے ناپاک عزائم کو شکست دیتے ہوئے آپسی بھائی چارے کی اعلیٰ روایات کو قائم و دائم رکھیں گے جس کے لئے جموں کے لوگ صدیوں سے مشہور ہیں۔ نوجوانوں کے مسائل موجودہ حکومت کی ترجیحات میںشامل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جی پی نے جموں و کشمیر کو مصائب و مشکلات سے نکالنے اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کر کے لئے مخلوط سرکار قائم کی ۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں کو اُن کی قابلیت اور صلاحیتوںکے لئے ہمیشہ سراہا گیا ہے لیکن ان کے تشدد کے دلدل میں پھنسنے پر مجھے بہت افسوس ہے اور حکومت انہیں اس مصیبت سے نکالنے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران نوجوانوں کو حکومت کی طرف سے روز گار فراہم کیا گیا ۔اس کے علاوہ محکمہ پولیس میں 10,000 نوجوانوں کی بھرتی بغیر کسی دخل اندازی عمل میں لائی گئی ۔انہوںنے کہا کہ کے وی آئی بی کے انتخاب کے بارے میں شکایات موصول ہوئیں اور بغیر کوئی وقت ضائع کئے انہوں نے سچائی کو ظاہر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوںنے نوجوانوں سے کہا کہ میری حکومت نے نہ کبھی آپ کے ساتھ زیادتی کی ہے اور نہ آئندہ کوئی زیادتی ہوگی بالخصوص روزگار کے فراہمی کے عمل میں۔انہوںنے کہا کہ یہ آپ کا مجھ پر بھروسہ ہے ۔کوئی بھی فرد سرکاری نوکری حاصل کرنے کے لئے اپنی والدہ کے زیورات نہیں بیچے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیگر اقدامات جیسے کیجول ورکروں کو باقاعدہ بنانااور نوجوانوں کو بااختیار بنانا بھی حکومت کی کوششوں میںشامل ہے ۔انہوں نے اجتماع کو یقین دلایا کہ وہ ایس آر او 202 پر ہمدردی کے ساتھ غور کرے گی تاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو۔انہوںنے کہا کہ وہ سیاحت ، صنعت و دیگر سیکٹروں کو ترقی دینے کی متمنی ہے جن سیکٹروں کی بدولت نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کیا جاسکتاہے۔اسی طرح بڑے پروجیکٹوں کو شروع کرنے کی بدولت نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں حکومت کو آسانی ہوگی ۔محبوبہ مفتی نے تاہم نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں امن قائم رکھیں اور آپسی بھائی چارہ کی فضا کو محفوظ رکھےں۔انہوں نے کہاکہ ان کوششوں کی بدولت حکومت ترقیاتی ایجنڈے پر زیادہ سے زیادہ عمل کرسکتی ہے۔وزراءچودھری ذوالفقار علی ، مولوی عمران رضا انصاری، نائب صدر پی ڈی پی محمد سرتاج مدنی ، ایم ایل اے یاور میر ، سابق وزیر محبوب بیگ، وحید الدین پرہ اور کئی نوجوان لیڈروں نے یوتھ کنونشن سے خطاب کیا۔