پردھان منتری آواس یوجنہ مستحقین کی نئی فہرست 10 مارچ تک مکمل کی جائے سال2017-18کا نشانہ 31مئی تک مکمل کریں:عبدالحق خان

اڑان نیوز
جموں//دیہی ترقی ، پنچائتی راج ا ور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ پی ایم اے وائی کے تحت باقی ماندہ مستحقین کی نئی فہرست 10 مارچ تک مکمل کریں۔وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار کل یہاں منعقدہ افسروں کی ایک میٹنگ میں پی ایم اے وائی پر جاری عمل درآمد کا اور وزیر اعلیٰ کی یقین دہانیوں کے مطابق عملائے جارہے ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لینے کے لئے دوران کیا۔ڈائریکٹر دیہی ترقی جموں آر کے بٹ، ڈائریکٹر رورل سینی ٹیشن نذیر احمد، ایڈیشنل سیکرٹری راکیش بڈیال، سُپرنٹنڈنٹ انجنئیر جموں بلبیر سنگھ، اے سی ڈیز اور متعدد اضلاع کے ایگزیکٹو انجنئیرز کے علاوہ محکمہ کے افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر نے بے گھر کنبوں کی فہرست10 مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ یہ فہرست مرکزی حکومت کو منظوری کے لئے بھیجی جاسکے۔وزیر نے افسروں سے کہا کہ وہ اس ماہ کے آخر تک2016-17 کا نشانہ اور2017-18 کا نشانہ 31 مئی تک مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم اے وائی کے تحت حکومت2022 تک تمام لوگوں کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔