وزیر اعلیٰ کی بھرتی عمل میں تیز ی لانے کی ہدایت، سالانہ کیلنڈر مرتب کرنے کو کہا 3سال کے دوران ایس ایس آر بی نے 19583اورپی ایس سی نے 3290 تقرریاں عمل میں لائیں

جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پبلک سروس کمیشن اور ایس ایس آر بی جیسی بھرتی ایجنسیوں پر زور دی ہے کہ وہ ریاست میںجاری بھرتی عمل میں سرعت لائے ۔انہوں نے محکموں سے کہا ہے کہ وہ اسامیوں کی پوزیشن کو اَپ ڈیٹ کر کے درجہ چہارم کی بیک لاگ اسامیوں کو بھی کلیئر کردیں۔اس حوالے سے آج یہاں منعقدہ ایک جائز ہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیرا علیٰ نے پی ایس سی اور ایس ایس آر بی کو صلاح دی کہ وہ وقت بچانے کے لئے تقرریوں کا ایک سالانہ کیلنڈرمرتب کریں تاکہ منتخب اُمیدواروں کی فہرست حکومت کو وقت پر دستیاب کرائی جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے خاص طور سے محکمہ تعلیم ، اعلیٰ تعلیم اور صحت و طبی تعلیم محکموں میں بھرتی عمل میںتیزی لانے کی ضرورت پر زور دیاتاکہ بنیادی سطح پر ضروریات کو پورا کیا جاسکے ۔چیئرمین جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن لطیف الزماں دیوا ، چیف سیکرٹری بی بی ویاس اور تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹری بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔محبوبہ مفتی نے محکمانہ ترقیاتی کمیٹیوں کے عمل میں تیزی لانے کی بھی ہدایت دی تاکہ مزید اسامیاں بھرتی کے لئے کلیئر ہوجائے ۔انہوں نے درجہ چہارم کی اسامیوں کے بھرتی عمل میں سرعت لانے کی بھی ہدایت دی جن کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے خاص طور سے محکموں کو ہدایت دی کہ وہ رواں سال کے لئے اپنی ویکنسی پوزیشن اُجاگر کرکے انہیں بھرتی ایجنسیوں کو ریفر کریں تاکہ انہیں وقت پر پُر کیا جاسکے۔انہوں نے متعلقہ محکموں اور بھرتی ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ عدالتی معاملات کی سنجیدگی کے ساتھ پیروی کریں۔میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے محکمانہ بنیادوں پر عمل میں لائی گئی تعیناتیوں ،خالی پڑی اسامیوں اور بھرتی ایجنسیوں کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے بھرتی عمل کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ پچھلے تین برسوں کے دوران پبلک سروس کمیشن نے 3290تعیناتی عمل میں لائیں جن میں پچھلے برس کی 2095اسامیاں شامل ہیں۔ان میں اسامیوں میں پچھلے سال 22؍ نومبر کو وزیر اعلیٰ کی صدارت میں منعقدہ جائزہ میٹنگ کے بعد سے لے کر اب تک پُر کی گئی 510اسامیاں بھی شامل ہیں۔اس موقعہ پر مزید بتایاگیا کہ کمیشن کے پاس التوا میں پڑی 2191اسامیوں میں سے 1104 اسامیوں کا اشتہاراتی عمل جاری ہے جبکہ 700اسامیوں کے لئے سلیکشن عنقریب ظاہر کی جائے گی۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران ڈی پی سی کو 88 معاملات موصول ہوئے جن میں 57کو کلیئر کیا گیا جبکہ 31دیگر معاملات مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں۔ایس ایس آر بی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی گئی کہ بورڈ نے پچھلے تین برسوں کے دوران 19583اسامیوں کے لئے سلیکشن فہرستیں جاری کیں جبکہ 9447 اسامیوں کو پُر کرنے کا عمل جاری ہے ۔ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹیوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ مختلف محکموں میں 28733 معاملات منظور کئے گئے جبکہ 3254 معاملات تکمیل کے مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں۔علاوہ ازیں میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ درجہ چہارم کی پانچ ہزار سے زائد اسامیاں ابھی پُر کرنا باقی ہے۔میٹنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو اُن کی طرف سے پچھلی جائزہ میٹنگ کے دوران جاری کی گئی ہدایات کے تناظر میں کی جارہی کارروائی کے بارے میںبھی آگاہ کیا گیا۔