سکمز کی44ویں گورننگ باڈی میٹنگ وزیر اعلیٰ کا اعلیٰ طبی ادارے کے طور ترقی دینے پر زور ماڈرن کینسر انسٹی چیوٹ اس سال کے آخر تک قائم کیا جائے گا

جموں//شیرکشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سا ئنسز (سکمز) صورہ سرینگر میں جدید طرز پر ماڈرن کینسر انسٹی چیوٹ قائم کیا جارہا ہے جسے اس سال کے آخر تک کارگر بنانے کی توقع ہے۔اس بات کی جانکاری سکمز کی 44 ویں گورننگ باڈی کی میٹنگ میں دی گئی۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے میٹنگ کی صدارت کی۔وزیر برائے صحت و طبی تعلیم بالی بھگت، وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری اور وزیر مملکت برائے صحت و طبی تعلیم آسیہ نقاش بھی میٹنگ میں موجود تھیں۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سکمز کو ملک کا اعلیٰ معیارکا طبی ادارہ بنانے کی ضرورت پر زو ردیا۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے کہا کہ وہ تحقیقی سرگرمیوں کے لئے معقول رقومات دستیاب رکھیں تا کہ یہ ادارہ ریاست میں ٹریشری کئیر ہسپتال کے طور اہم رول ادا کرسکے۔میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے سکمزکے کام کاج کا جائیزہ لیتے ہوئے خصوصی طور سے ادارے میںپی ای ٹی سکین کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوں نے قائم کئے جارہے کینسر سینٹر کے لئے آلات، تشخیصی کٹس کے علاوہ دیگر لازمی سازو سامان کی وقت پر حصولیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ ادارے میں تنصیب کی گئی پی ای ٹی سکین کے بہتر نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ اس سے قبل پی ای ٹی سکین کی سہولیت کے لئے مریضوںکو جموں وکشمیر سے باہر جانا پڑتا تھا۔محبوبہ مفتی کو بتایا گیا کہ بانڈی پورہ میں اُن کے عوامی رسائی کے پروگرام کے دوران سمبل ہیلتھ سینٹر کو سکمز کی تحویل میں دینے کے فیصلے کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے اس ادارے کو سیٹلائٹ ادارے کے طور ترقی دینے کے لئے اقدامات اُٹھائے ہیں جس کے لئے ایکشن پلان مرتب کیا گیا ہے۔میٹنگ کے دوران ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے اُٹھائے گئے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس، پرنسپل سیکرٹری ہوم آر کے گوئل، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال، پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین چودھری،ڈائریکٹر سکمز پروفیسر عمر جاوید شاہ، پرنسپل جی ایم سی سرینگر/ جموں اور سکمز میڈیکل کالج سرینگر کے علاوہ گورننگ باڈی کے ممبران پروفیسر ایم ایس کھورو، پروفیسر خورشید اقبال اور پروفیسر الطاف رمضان بھی موجود تھے۔