سجاد لون نے مقررہ اوقات کے اندر پروجیکٹوں کی تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا

جموں //سماجی بہبود ، سائینس و ٹیکنالوجی اور اے آر آئی اینڈ ٹریننگس کے وزیر سجاد غنی لون نے آج اپنے ماتحت مختلف محکموں کی طرف سے شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کا جائیزہ ایک میٹنگ کے دوران لیا ۔ میٹنگ میں انتظامی محکموں کے افسران و دیگر فیلڈ کے افسران موجود تھے ۔ میٹنگ میں وزیر کو محکموں کی طرف سے چلائی جا رہی مختلف سکیموں کے تحت ترقیاتی کاموں میں درج کی گئی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ تمام پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کے سلسلے میں وہ مقررہ اوقات پر قایم رہیں تا کہ ان سکیموں کا فائدہ عام لوگوں تک بہت جلد پہنچے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ شفافیت اور جوابدہی کا ماحول پیدا کرنے کیلئے تندہی اور ایمانداری سے اپنا کام انجام دیں ۔ وزیر نے التوا میں پڑے پینشن کیسوں کو نمٹانے کے سلسلے میں متعلقہ افسران کو ہدایت دی ۔ انہوں نے نئے آنگن واڑی مراکز کو قایم کرنے کے سلسلے میں بھی مقررہ وقت اور آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کی تعیناتی کی بھی ہدایات دیں ۔وزیر نے آئی سی ڈی ایس سکیم کے تحت جاری کام کا بھی جائیزہ لیا اور افسروں کو ہدایت دی کہ اس سکیم کو بہتر طریقے سے چلانے کیلئے کام کریں ۔ وزیر نے سائینس ٹیکنالوجی محکمے کی طرف سے شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کا بھی جائیزہ لیا ۔ وزیر نے دو بائیو ٹیکنالوجی پارک پروجیکٹوں اور ریجنل سائینس سنٹر کی عمل آوری کا بھی جائیزہ لیا اور ہدایات جاری کیں کہ ان دو پروجیکٹوں پر کام جلد سے جلد شروع کیا جائے ۔