عبدالحق نے پنجاب میں زیر تعلیم ریاستی طلاب کے ساتھ ملاقات کی طلاب نے ایک ہیلپ لائین کو معرض وجود میں لانے کا مطالبہ کیا

نیوزڈیسک
چندی گڑھ//دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے پنجاب میں ریاست کے زیر تعلیم طلاب کے ساتھ اپنی بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا ۔ وزیر نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ہدایت کے مطابق ان طلاب سے حکومت کی طرف سے اٹھائے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی جو ریاستی حکومت ریاست کے طلاب کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اٹھا رہی ہے ۔ وزیر نے سوامی وویکا نند انسٹی چیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی بھنور چندی گڑھ کا دورہ کیا اور وہاں تعلیم حاصل کرنے والے طلاب سے ملاقات کی ۔ طلاب نے وزیر کو اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ بات چیت کے دوران طلاب نے ایک خصوصی ہیلپ لائین اور ایک خصوصی سیل قایم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ جس کے ذریعے یہ طلاب ضرورت کے وقت ریاستی حکومت کو مطلع کر سکیں گے ۔ ان طلاب نے مختلف مرکزی معاونت والی سکالر شپ سکیموں کے بارے میں بھی وزیر سے بات چیت کی اور انہیں درخواست کی کہ اُن کے وظائف کی واگذاری جلد از جلد کی جائے ۔ وزیر کے ہمراہ مشن ڈائریکٹر جے کے ایس آر ایل ایم بخشی جاوید حمایوں ، ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر کپل شرما و ریاستی و چندی گڑھ حکومتوں کے سینئر افسران تھے ۔ عبدالحق نے اس موقعہ پر کہا کہ جموں و کشمیر ریاست کے طلاب باقی ریاستوں میں بحثیت نمائیندے موجود رہتے ہیں جو کشمیر کے بارے میں منفی تاثرات ختم کرنے میں موثر ثابت ہو سکتے ہیں ۔